سری نگر//جمعہ کوپورے دن اوردوران شب ہلکی یاموسلادار بارشوں کے بعدہفتے کوکشمیروادی میں دن بھر کبھی دھوپ کبھی چھائوںکی آنکھ مچولی جاری رہی ،تاہم ہفتے کوسہ پہر سے سری نگرسمیت کئی علاقوںمیں بادلوںکاجمائو گہراہونے لگا ،اورشام کے وقت محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔شبانہ بارشیں ہونے کے بعدکشمیر میں موسم کافی خوشگوار ہوا ہے اورحالیہ دنوںکی گرمی میں کافی کمی واقعہ ہوئی ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے پھرکہاکہ22سے 24مئی تک کو جموں وکشمیر میں تیز ہواؤں کیساتھ وسیع بارشوں اورگرج چمک کیساتھ کہیں کہیں ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔موسمیاتی ماہرین نے تاہم کہاکہ تین روز تک موسم خراب رہنے کے بعد 25 مئی سے موسمی صورتحال میں بہتری اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کوصبح سے ہی شمالی اورجنوبی کشمیر کے بیشترعلاقوںمیں تیز بارشوںکاسلسلہ شروع ہوا ،جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ شہر سری نگراوروسطی کشمیر کے دیگرعلاقوںمیں جمعہ کو شام سے موسلا دار بارشوں کاسلسلہ شروع ہوا۔پوری وادی میں تیز بارشوں کاسلسلہ جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات تک جاری ر ہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح ساڑھے 8بجے سری نگر میں 10.3 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 33.8 ملی میٹر، پہلگام میں36.3 ملی میٹر، بارہمولہ میں20.2،بانڈی پورہ میں 19.2،کپواڑہ میں19.2 ملی میٹر، کوکرناگ میں 33 ملی میٹر، گلمرگ میں25.8 ملی میٹر، بانہال میں 20.2 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 21 ملی میٹر بارش ہوئی۔ موسمیات کے ماہر نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں اور کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پرہفتی کودوپہر اور شام تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔انہوںنے کہاکہ جمعہ کوہونے والی بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔مقامی محکمہ موسمیات نے بتایا کہسنیچر کو کشمیر کے بیشتر مقامات پر موسم عام طور پر ابر آلود رہا، جموں کے پہاڑی علاقوں میں اور میدانی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود ہے۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی لہر جموں و کشمیر سے کم ہوئیہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دارنے کہاکہ سنیچر کوبعدددوپہر یاشام سے گرج چمک کیساتھ بارش کا ایک مختصر سلسلہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 22،23اور24 مئی کو کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ وسیع بارش اورگرج چمک کہیں کہیں ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ25 مئی سے موسمی صورتحال میں بہتری اوررجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔اس دوران جمعہ کوہونے والی ہلکی تا تیز بارشوں کے بعدپوری وادی میں درجہ حرارت میں کمی آئی ۔جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات سری نگرمیں درجہ حرارت10.9،قاضی گنڈ میں7.9،پہلگام میں5.8،کوکرناگ میں8.0،گلمرگ میں2.0اورکپوارہ میں درجہ حرارت9.8ڈگری سینٹی گریڈرہا۔ماہرین کے مطابق پوری کشمیروادی میں دوران شب درجہ حرارت معمول سے کئی کئی سینٹی گریڈکم ریکارڈ کیا گیا،تاہم جموں صوبے میں گرمی کی شدت برقرار ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات جموں شہر میں درجہ حرارت 29.1 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں10.6،بٹوٹ میں12.6ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔










