weather

20سے23مئی تک موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان

24سے26مئی تک موسمی صورتحال ابتر،کسان23مئی تک اپنی زمینوںمیں کھادڈالیں،دواپاشی کریں

سری نگر//محکمہ موسمیات کی اس پیش گوئی کہ جمعہ کو بعددوپہر یاشام کے وقت کچھ مقامات پر گرج چمک کیساتھ مختصروقت کیلئے بارش کاامکان ہے ،سہ پہر سری نگرسمیت کشمیرکے بیشترعلاقوںمیں آسمان پر بادل چھاگئے ،اوربونداباندی کے امکانات پیداہوئے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے 20سے23مئی تک موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے 24سے26مئی تک میدانی علاقوںمیں بڑے پیمانے پر بارش اور بالائی مقامات پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر میں قائم محکمہ وسمیات کے علاقائی مرکز میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے جمعہ کو صبح8بجے تازہ موسمی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ آج یعنی جمعہ کے روزبعددوپہر یاشام کے وقت کچھ مقامات پر گرج چمک کیساتھ مختصروقت کیلئے بارش کاامکان ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ 20سے23مئی تک موسم بنیادی طور پر صاف رہنے کا امکان ہے، تاہم، بعددوپہریاشام تک بکھرے ہوئے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر مختار کامزید کہناتھاکہ 24سے26مئی تک میدانی علاقوںمیں بڑے پیمانے پر بارش اور بالائی مقامات پر برف باری کی پیش گوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ بالائی مقامات پربرفباری اور کچھ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو نے کا بہت امکان ہے۔ماہر موسمیات ڈاکٹر مختار کاکہناتھاکہ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 23مئی تک اپنے کھیتوں میں کھاد ڈال سکتے ہیں ،فصلوں کو کاٹ سکتے ہیں اورمیوہ باغات میں دواپاشی بھی کرسکتے ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جانکاری فراہم کی کہ جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں شبانہ درجہ میں معمولی کمی پائی گئی ۔متعلقہ محکمہ کے مطابق دوران شب سری نگرمیں درجہ حرارت 9.2ڈگری سینٹی گریڈ ،قاضی گنڈمیں7.0،پہلگام میں 2.7،کپوارہ میں 6.7،کوکرناگ میں7.2،اورگلمرگ میں شبانہ پارہ 3.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔دریں اثناء جمعہ کے روز دن کو بیشتروقت دھوپ چھائے رہنے کے بعدسہ پہر سری نگرسمیت کشمیرکے بیشترعلاقوںمیں آسمان پر بادل چھاگئے ،اوربونداباندی کے امکانات پیداہوئے،تاہم ابھی تک کسی علاقے سے بارش ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔