20جولائی سے 11اگست تک پارلیمان کامانسون اجلاس ، کل17 نشستیں ہوں گی

کل32بلیں ہونگی ایوان میں منظوری کیلئے پیش، جموں وکشمیر سے متعلق3زیرالتوء ریزرویشن بلیں بھی شامل

سری نگر//ملک کی پارلیمان یعنی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کا مانسون اجلاس 20جولائی کوشروع ہونے کے بعد11اگست2023تک جاری رہے گا۔جے کے این ایس کے مطابق پارلیمان کے مانسون اجلاس کواس لحاظ سے اہمیت حاصل ہے کہ اس دوران ایوان میں کل32بلوںکو پیش کیا جائے گا ،جن میں جموں وکشمیر سے متعلق3ریزرویشن بلیں بھی شامل ہیں ۔جموں وکشمیر کے حوالے سے جن3 بلوںکو پارلیمان میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا،اُن میں دیگر پسماندہ طبقات (OBC)، پہاڑیوں اور والمیکیوں کو ریزرویشن دینے سے متعلق3 بل شامل ہیں۔ان تمام قانون سازیوں کو پہلے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں لیا جانا تھا۔تاہم،ایوان میں حزب اقتدار اورحز ب اختلاف کی طرف سے تقریباً تمام دنوں میں بڑے ہنگامے کی وجہ سے ان بلوں کی فہرست نہیں بن سکی۔ایک میڈیارپورٹ میں سرکاری عہدیداروں کے حولے سے بتایاگیاہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں کل17 نشستیں ہوں گی اور 32 بلوں کو اٹھائے جانے کی تجویز ہے۔جموں و کشمیر سے متعلق 3 بلوں میں آئین (جموں و کشمیر) شیڈول کاسٹس آرڈر (ترمیمی) بل2023، آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر (ترمیمی) بل2023 اور جموں و کشمیر ریزرویشن (ترمیم) بل2023شامل ہیں۔ارجن رام میگھوال کی سربراہی میں قانون اور انصاف کی مرکزی وزارت نے بل کا مسودہ تیار کیا ہے۔افسران کے مطابق OBCیعنی دیگر پسماندہ طبقہ جات کو ریزرویشن دینے، پہاڑیوں کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کا درجہ دینے اور چھوڑے گئے والمیکیوں کو درج فہرست ذاتوں میں شامل کرنے سے متعلق تھے۔پارلیمنٹ سے بلوں کی منظوری کے بعد جموں و کشمیر میں یہ تینوں طبقے یابرادریاں ریزرویشن کے حقدار ہوں گی۔ عہدیداروں نے کہا، جاٹوں کو بھی جموں و کشمیر میں کئی دیگر برادریوں کے ساتھ او بی سی کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔فی الحالOBC کو کوئی ریزرویشن نہیں ہے۔ دیگر سماجی ذاتوں (OSC) زمرے کے تحت صرف4 فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے۔عہدیداروں نے کہا کہOBC کو ریزرویشن، جو کہ قومی سطح پر 27 فیصد ہے نیز بیشتر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں، ان کمیونٹیوں کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا جائے گا جنہیں او بی سی کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔پہاڑی قبائل کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے سے متعلق بل جسے بجٹ سیشن میں بھی اٹھایا جانا تھا، پہاڑیوں کیST کا درجہ دینے کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرے گا۔ اس کے علاوہ پڈاری قبیلہ اور کولی اور گڈا برہمنوں کو بھی ایس ٹی کا درجہ ملے گا۔کچھ والمیکیوں کو یہاں درج فہرست ذات کے طور پر شامل نہیں کیا گیا حالانکہ انہیں پورے ملک میں ایس سی کے طور پر ریزرویشن حاصل تھا۔ حکومت اب تمام والمیکیوں کو ایس سی کمیونٹی میں شامل کرے گی تاکہ انہیں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کا حق ملے۔جسٹس جی ڈی شرما کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات کی بنیاد پر، حکومت نے پہاڑی نسلی قبیلے، پڈاری قبیلے اور کولی و گڈا برہمن کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے لیے منظوری دی تھی۔ تمام متعلقہ وزارتیں اور قومی کمیشن برائے درج فہرست قبائل پہلے ہی اس تجویز کو منظوری دے چکے ہیں۔جموں و کشمیر میں گوجر اور بکروال پہلے ہیST کا درجہ حاصل کر چکے ہیں اور حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان کے حقوق کو کم نہیں کیا جائے گا۔پڈاری قبیلہ زیادہ تر ضلع کشتواڑ کے علاقے پدر میں آباد ہے جو سابقہ ڈوڈا ضلع کے دور دراز علاقوں میں سے ایک ہے۔ تاہم، کولی اور گڈا برہمن مختلف علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔پہاڑی زیادہ تر جموں خطے کے راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع اور کشمیر ڈویڑن میں بارہمولہ اور کپواڑہ میں مقیم ہیں۔جموں و کشمیر کی 90 رکنی اسمبلی میں9نشستیںST کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ جموں ڈویڑن میں ایس ٹی کے لیے5 اور کشمیر میں4 سیٹیں مخصوص ہیں۔ایس ٹی کو ملازمتوں، تعلیم وغیرہ میں ریزرویشن حاصل تھی، لیکن جموں و کشمیر میں انہیں طویل عرصے تک سیاسی ریزرویشن سے محروم رکھا گیا حالانکہ ایسا ریزرویشن پورے ملک میں لوک سبھا اور اسمبلیوں میں موجود تھا۔ تاہم، یہ5 اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد تھا جب حکومت نے جموں و کشمیر میں ایس ٹی کو سیاسی تحفظات میں توسیع کی۔درج فہرست ذاتوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں8 فیصد تحفظات ہیں اور ان کے لیے پہلے کی طرح سات سیٹیں قانون ساز اسمبلی میں محفوظ ہیں۔ تاہم، 5 میں سے، جموں و کشمیر میں لوک سبھا کی کوئی سیٹ محفوظ نہیں ہے۔