فجیرہ میں ڈرون حملوں میں 3 ہندوستانی زخمی، شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول//وزیر اعظم
سرینگر// یو این ایس//وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کے ساحلی شہر فجرہ میں حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ان حملوں میں تین ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں، جس پر انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔یہ ردعمل اْس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آیا جب فجیرہ کے ایک بڑے آئل انڈسٹری زون میں ڈرون حملوں کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ متحدہ عرب امارات نے اس حملے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے۔وزیر اعظم مودی نے خاص طور پر آبنائے ہرمزکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس آبی گزرگاہ میں بلا رکاوٹ اور محفوظ جہاز رانی عالمی توانائی سلامتی اور خطے کے پائیدار امن کیلئے نہایت ضروری ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل اور گیس کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے، اور حالیہ کشیدگی کے باعث یہاں جہاز رانی متاثر ہوئی ہے جس سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور کئی ممالک میں توانائی بحران کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔دوسری جانب یو اے ای کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 12 بیلسٹک میزائل، تین کروز میزائل اور چار ڈرونز کو ناکام بنایا، اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے مکمل تیاری کا اعادہ کیا۔اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی طاقت نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی گڈ گورننس کی سیاست کو بھرپور کامیابی ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کو ایک تاریخی اور شاندار مینڈیٹ ملا ہے، جو پارٹی کارکنان کی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ریاست کے لوگوں کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔آسام میں کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو مسلسل عوامی حمایت حاصل ہے، جو ترقیاتی ایجنڈے پر اعتماد کا مظہر ہے۔وزیر اعظم نے پاڈویچری کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جہاں این ڈی اے نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بہتر حکمرانی کے عزم کو مزید تقویت دے گی۔کیرالہ میں انہوں نے کانگریس کی قیادت والے اتحاد کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور یقین دہانی کرائی کہ مرکزی حکومت ریاست کی ترقیاتی ضروریات میں تعاون جاری رکھے گی۔ اسی طرح تامل ناڈومیں ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ڈی اے عوامی مسائل کے حل اور ریاست کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق مشرقی اور شمال مشرقی بھارت میں بی جے پی کی یہ کامیابیاں قومی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ بین الاقوامی سطح پر خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی بھارت کی خارجہ پالیسی اور توانائی تحفظ کیلئے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔










