سری نگر// جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کو دو ملازمین کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا حکم دے دیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت نے جاری ایک حکم نامے میں بتایاکہ یہ مشق جموں و کشمیر سی ایس آر کی دفعہ 226(2) کے تحت باقاعدہ عمل کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ہے اور اس مقصد کیلئے تشکیل دی گئی جائزہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل کیا گیا ہے۔مقررہ ریٹائرمنٹ سے قبل سبکدوش ہونے والے ملازمین میں عاشق حسین،ڈپٹی رجسٹرار کواپریٹو سوسائٹیز جموں وکشمیر (فی الوقت معطل) اور شوکت احمد وانی، ڈرائیور گریڈاول، موٹر گیراج ڈیپارٹمنٹ (فی الوقت معطل ) شامل ہیں۔ دریں اثنا، ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں وکشمیر سی ایس آر کی دفعہ 226(2) کے دائرہ کار کے تحت ان کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر غور کرنے کے لیے’ نان پرفارمنگ اور بدعنوان ملازمین‘ کے کیسوں کی جانچ کو تیز کریں۔










