جموں کشمیر کی ترقی میں حائل رکاوٹوںکو دور کیاگیا

2روزہ دورے کے پہلے مرحلے میںسری نگر پہنچنے پر وزیردفاع کاپُرتپاک استقبال

جموں و کشمیر نے ماضی میں ملی ٹنٹ سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، لیکن اب اس میں نمایاں کمی آئی ہے :راجناتھ سنگھ

سری نگر//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعرات کوجموں وکشمیرکے2 روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں سری نگر پہنچے جبکہ جمعہ کووزیردفاع جموںمیں مہاراجہ گلاب سنگھ جی کی200 ویں سالگرہ کی ’راجیہ بھیشیک تقریب‘ میں شرکت کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرمیں قیام کے دوران وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے فوج کی 15ویں کورکے ہیڈکوارٹر میں فوج کے اعلیٰ افسروں کیساتھ ایک اہم میٹنگ کے دوران جموں وکشمیرکی مجموعی سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا ،جسکے بعدوزیردفاع نے لائن آف کنٹرول کے نزدیک کئی سرحدی علاقوں کادورہ کرکے فوجی حکام سے ناجنگ معاہدے پرعمل آوری اوردرندازی کے واقعات سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔جمعرات کی صبح سری نگرپہنچنے پروزیردفاع راجناتھ سنگھ کاپُرتپاک استقبال کیاگیا،اوراس موقعہ پر ائرفورس کے ہوائی اڈے پرفوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل اوپندرا دویدی ،فوج کی پندرہویں کور کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل امردیپ سنگھ اوجلااورفوج کے دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ سری نگرپہنچنے پر فوج کے اعلیٰ افسروںنے وزیردفاع راجناتھ سنگھ کاپورے پروٹول کام کیساتھ والہانہ استقبال کیا۔ذرائع نے بتایاکہ اسکے بعدوزیردفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں دفاعی وسلامتی امورات سے متعلق ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے، فوج کی شمالی کمان اورپندرہویں کمان کے سربراہوں اورفوج ودفاعی انٹلی جنس کے اعلیٰ حکام موجودتھے۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ میٹنگ کے دوران وزیردفاع نے جموں وکشمیر بالخصوص وادی کی تازہ سیکورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی جانکاری حاصل کی۔انہوںنے فوجی افسران کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بعدکشمیرمیں ملی ٹنسی کاخاتمہ کرکے یہاں پائیدارامن قائم کرنے سے متعلق فوج کی حکمت عملی اورکاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے میں فوج کاکلیدی کردار ہے ۔وزیردفاع نے ملی ٹنسی مخالف مشترکہ کارروائیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ اور مسلح افواج کے زیادہ سے زیادہ قریبی رابطہ لازمی ہے کیونکہ جو کہ بدلتی ہوئی علاقائی عالمی صورتحال سے چیلنج پیدا ہو سکتے ہیں۔بادامی باغ فوجی کنٹونمنٹ میں سینئرفوجی حکام کیساتھ میٹنگ کے بعدوزیردفاع راجناتھ سنگھ نے شمالی کشمیرکے کئی سرحدی علاقوںکادورہ کیا۔بارہمولہ کینٹ میں مسلح افواج کے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہزاروں زخم دیکرہندوستان کا خون بہاناپاکستان کی پالیسی ہے، لیکن آپ (بی ایس ایف) ملک کی باڑ کے تار ہیں جس کی وجہ سے وہ خود کٹ جاتے ہیں۔انہوںنے بی ایس ایف افسروں وجوانوں سے مخاطب ہوکرکہاکہ ملک آپ پر اعتماد کرتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ آپ کسی بھی صورتحال کے لئے تیار ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کشمیر کے آگے والے علاقوں کا دورہ کیا اورسرحدکے ساتھ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔سرکاری بیان میں کہاگیاکہ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اپیندر ادویدی، جی او سی 15 کور لیفٹیننٹ جنرل اے ایس اوجلا اور جی او سی 19 انفنٹری ڈویڑن میجر جنرل اجے چاندپوریابھی وزیردفاع راجناتھ سنگھ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے وزیردفاع کو مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بتایا۔ راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے افسروں سے بات چیت کی۔راجناتھ سنگھ نے بارہمولہ میں سیکورٹی افسروں وجوانوں سے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر ان کی بہادری اور جوش کو قابل تعریف قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیردفاع نے بے مثال حوصلے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے اور لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں قومی فخر کا جذبہ پیدا کرنے پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعریف کی۔انہوںنے کہاکہ ہمارے پڑوسی نے ہمیشہ بھارت مخالف سرگرمیوں کا سہارا لیا ہے۔ جموں وکشمیر نے ماضی میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ مسلح افواج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی انتھک کوششوں کی وجہ سے، حال ہی میں جموں وکشمیر میں ملی ٹنٹ سرگرمیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان مسلسل پریشان کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے۔ ’وزیردفاع کاکہناتھاکہ ’ہم نے کبھی کسی ملک کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کسی کی ایک انچ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کبھی قوم کے اتحاد اور سالمیت کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی تو مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گی اور ان کی بہادری اور لگن ملک کے سنہری مستقبل کی تعمیر کرے گی۔ خطاب کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بارہمولہ میں فوجی افسران کے ساتھ ظہرانہ کیا۔