baby

2دن قبل معجزاتی طور پر قبر سے زندہ نکالی گئی

بانہال کی نوزائیدہ بچی ہسپتال میں لقمہ اجل

سری نگر//بانہال کی ایک بچی، جس کو 2 دن پہلے معجزانہ طور پر قبر سے زندہ نکالایگیاتھا، سری نگر کے جی بی پنت ہسپتال میں بدھ کو دم توڑ بیٹھی۔جے کے این ایس کے مطابق بچی کو سب ضلع ہسپتال بانہال میں ایک نوزائیدہ بچی مردہ قرار دیا گیا، تاہم مقامی لوگوں نے اسے علاقے میں دفنانے کے دوران زندہ پایا۔نومولود بچی کو فوری طور پر سری نگر کے جی بی پنت ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج چل رہا تھا۔بچی کے والد بشارت حسین نے بتایا کہ بچی بدھ کی صبح ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے۔ جی بی پنت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چودھری نے بتایا کہ بدھ کی بچے کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ بچے کو پیدائش کے وقت کم وزن اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا تھا۔قابل ذکر بات ہے کہ کیمونٹی ہیلت سینٹربانہا ل،جس کوسب ضلع اسپتال کادرجہ حاصل ہے، میں مبینہ طور پر لاپرواہی کی وجہ سے نوزائیدہ بچی کے رشتہ داروں نے طبی عملے کے خلاف احتجاج کیا، جس کے بعد بلاک میڈیکل آفیسر نے لیبر روم میں تعینات2 ملازمین کو معطل کرنے اور تحقیقات کا حکم دیا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں سلیم الرحمان نے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک4 رکنی کمیٹی تشکیل دی اور اسے 2 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔