15مئی کو سوشیل چندرا کی جگہ چارج سنبھالیں گے
سری نگر//مرکزی وزارت قانون و انصاف نے جمعرات کو اعلان کیا کہ موجودہ الیکشن کمشنر راجیو کمار15 مئی2022 سے اگلے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ راجیوکمار،موجودہ چیف الیکشن کمشنرسشیل چندرا سے چارج لیں گے، جو2021سے اہم عہدے پر براجمان تھے اوراب ریٹائر ہونے والے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق آئین کے آرٹیکل324 کی شق (2) کے مطابق، صدر رام ناتھ کووندنے1984بیچ کے آئی اے ایس آفیسر62سالہ راجیو کمار کو 15 مئی2022 سے چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے پر خوشی محسوس کی ۔ مرکزی وزیرقانون کرن رججو نے ایک ٹویٹ میں لکھا’ راجیو کمار کے لیے میری نیک خواہشات‘‘۔راجیوکمار نے یکم ستمبر 2020 کو الیکشن کمیشن آف انڈیا میں بطور الیکشن کمشنر چارج سنبھالا۔ الیکشن کمیشن میں چارج سنبھالنے سے پہلے، راجیوکمار پبلک انٹرپرائزز سلیکشن بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپریل 2020 میں پی ای ایس بی کے چیئرمین کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔نیتی آیوگ کے سابق وائس چیئرمین راجیو کمار، بہار/جھارکھنڈ کیڈر کی انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے 1984 بیچ کے افسرہیںجو فروری 2020 میں آئی اے ایس سے سبکدوش ہوئے۔19فروری1960 کو پیدا ہوئے، راجیوکمار نے بی ایس سی، ایل ایل بی، پی جی ڈی ایم، اور پبلک پالیسی میں ماسٹرز سمیت متعدد تعلیمی ڈگریاں حاصل کیں، اور ان کے پاس37 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے کیونکہ انہوں نے مرکز کی وزارتوں میں حکومت کے لئے کئی اہم عہدوں پر کام کیا جبکہ ریاستی کیڈر میں انہوںنے اور سماجی سیکٹر، ماحولیات اور جنگلات، انسانی وسائل، مالیات، اور بینکنگ کے شعبے بھی فرائض انجام دئیے ہیں۔راجیوکمار، سینٹرل بورڈ آف ریزرو بینک آف انڈیا (RBI)، SBI،NABARD کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ راجیو کمار کو مالیاتی شعبے میں انضمام اور حصول کے تصور اور نفاذ میں اہم کردار ادا کرنے کا سہرا دیا گیا ہے۔ نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کی سٹریم لائننگ بھی ان کے تحت ہوئی جس سے تقریباً18 لاکھ مرکزی حکومت کے ملازمین کو فائدہ پہنچا۔










