آج ہندوستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہو گئے، اور پورے ملک میں اس کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ملک کے نام ایک خصوصی پیغام جاری کر ’آزادی کی حفاظت‘ کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’’سبھی ہندوستانی باشندوں کو یومِ آزادی کی بے حد مبارکباد۔ قومی تحریک میں اپنا سب کچھ قربان کرنے والے بے شمار مجاہدین آزادی کو ہم پرخلوص خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘
آزادی کے بعد ہندوستان کے اب تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا ہے کہ ’’گزشتہ 79 سالوں کا ہمارا سفر کئی حصولیابیوں، جدوجہد اور عزائم کا سفر رہا ہے۔ ہم نے بہت کچھ حاصل کیا ہے، لیکن ایک ملک کی شکل میں اب بھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمارے لیے آزادی محض انگریزی حکومت سے چھٹکارا نہیں ہے۔ یہ آئین سے حاصل وہ بھروسہ ہے جو ہر ہندوستان کو مساوات، احترام، انصاف اور اپنی بات کہنے کا حق دیتا ہے۔ یہی ہماری جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت اور ہر شہری کا سب سے مضبوط سیکورٹی شیلڈ ہے۔‘‘
اپنے پیغام میں کانگریس صدر نے موجودہ حالات اور ملک کو درپیش چیلنجز کا خاص طور سے ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’گزشتہ ایک دہائی میں ہمارے آئینی اقدار، جمہوری اداروں اور سماجی خیر سگالی کے سامنے کئی چیلنجز کھڑے ہوئے ہیں۔ نوجوانوں کے خوابوں کو موقع چاہیے، کسانوں کی محنت کو احترام اور انصاف چاہیے، خواتین کو یکساں حقوق اور مضبوط شراکت داری چاہیے۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’دلتوں، قبائلیوں، پچھڑوں، اقلیتوں اور معاشی طور سے کمزور طبقات کو آئین میں موجود مساوات و انصاف کا پورا حق ملنا چاہیے۔‘‘ 80ویں یومِ آزادی پر کچھ عزائم کا بھی ذکر ملکارجن کھڑگے نے کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اس یومِ آزادی پر ہمارا سب سے بڑا عزم ’امید‘ ہے۔ امید ہمارے نوجوانوں کی بلند آواز میں ہے، کسانوں کی محنت میں ہے، خواتین کی ہمت میں ہے اور کروڑوں ہندوستانیوں کے اس اعتماد میں ہے کہ ہم مل کر ہر چیلنج کا سامنا کر سکتے ہیں اور ملک کو صحیح سمت دے سکتے ہیں۔‘‘ پیغام کے آخر میں وہ ہندوستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ’’آئیے، ایسی آزادی کی حفاظت کریں جس میں ہر آواز کو احترام ملے، ہر خواب کو موقع ملے اور ہر ہندوستانی کو آگے بڑھنے کا یکساں حق ملے۔ جئے ہند۔‘‘










