سری نگر//گزشتہ48گھنٹوں سے موسم خشک رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 16اپریل تک جموں وکشمیرمیں موسم خشک اورخوشگواررہنے کی پیش گوئی کی ۔تاہم متعلقہ محکمے نے کہاکہ17سے19اپریل تک موسم عمومی طور پر ابرآلودرہنے کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارش کیساتھ بعد دوپہر گرج چمک کیساتھ بارشوں کاامکان ہے ۔اس دوران موسم خشک رہنے کے بیچ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیاتاہم زیادہ تر مقامات پر معمول سے کم رہا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے ہفتہ کی صبح موسم سے متعلق تازہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں 8سے16اپریل تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔انہوںنے کہاکہ 16اپریل کے بعد اگلے تین دنوںکے دوران مطلع ابرآلودرہنے کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارش کیساتھ بعد دوپہر گرج چمک کیساتھ بارشوں کے امکان خارج نہیں کیاجاسکتا ہے۔ڈاکٹر مختار نے مزید کہاکہ آنے والے دنوںمیں درجہ حرارت میں نمایاں بہتری کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اب کسان ،زمیندار اور مالکان باغات اپنے باغات اورزمینوںمیں بغیر کسی خلل کے کیڑے مارادویات کاچھڑکائو اوردواپاشی کرسکتے ہیں ۔اس دوران جمعہ کی طرح ہی ہفتہ کوبھی پورے جموں وکشمیرمیں پورے دن تیز دھوپ نکلی ،جسکے نتیجے میں ہفتہ کوبعددوپہر2بجکر38منٹ پر سری نگرمیں درجہ حرارت20ڈگری سینٹی گریڈ تھاجبکہ جموں شہرمیں اُسوقت درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔جموں وکشمیرکے باقی18اضلاع میں درجہ حرارت 15سے30ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان تھا۔ادھر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات جموں وکشمیرمیں کم از کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن زیادہ تر مقامات پر یہ معمول سے کم رہا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات سری نگر میں درجہ حرارت4.7،قاضی گنڈمیں 3.5،پہلگام میں منفی 0.4،کپوارہ میں 1.8،کوکرناگ میں 5.2اورگلمرگ میں1.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔










