سری نگر//محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات برف وباراںکا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ 10فروری کی شام تک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہاکہ جمعرات کوصبح کے وقت آسمان پر گہرے بادل چھائے رہنے کے بعد شمالی ،وسطی اور جنوبی کشمیرکے بیشترعلاقوںمیں برف وباراں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر میں کپوارہ وبارہمولہ اضلاع بشمول گلمرگ میں برف باری ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ جنوبی کشمیرمیں پہلگام سمیت کئی بالائی علاقوںمیں بھی تازہ برف باری ہورہی ہے ۔ڈاکٹر مختار کاکہناتھاکہ سری نگر اورجموں سمیت ٹنل کے آرپار اکثر میدانی علاقوںمیں جمعرات کو قبل ازدوپہر سے بارشوںکاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہاکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات برف وباراںکا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ دوران شب مخصوص بالائی مقامات پر درمیانی سے بھاری برف باری ہونے کے امکانات ہیں جبکہ میدانی اور نچلے علاقوںمیں 10فروری کی شام تک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کاامکان ہے۔انہوںنے برف زدہ اونچائی والے علاقوںمیں برفانی تودے گرآنے کااندیشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوںکومشورہ دیاکہ وہ برفانی تودے کے شکار علاقوں سے دور رہیں۔










