صرف حل نقل مکانی ،پنڈت قربانی کا بکرا نہیں بنیں گے
سری نگر//پیرکی شام لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے شیخ پورہ بڈگام میں دی گئی یقین دہانی کے باوجود کشمیری پنڈت ملازمین منگل کو مسلسل 13ویں دن بھی ہڑتال جاری رکھی،اورشیخ پورہ بڈگام وبادامی باغ فوجی چھاونی کے باہر سمیت کئی مقامات پرمظاہرے گئے ۔احتجاجی پنڈت ملازمین کاکہناتھاکہ صرف حل نقل مکانی ہے،کشمیری پنڈت قربانی کا بکرا نہیں بنے گا۔خیال رہے کشمیری پنڈت ملازمین 12مئی کو بڈگام میں چاڈورہ مجسٹریٹ کے دفتر میں وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت تعینات کلرک راہول بھٹ کی ہلاکت کے بعد سے ہڑتال پر ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پیرکی شام سینئر حکام کے ہمرہ شیخ پورہ ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا جہاں پنڈتوں کی رہائش ہے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی حفاظت میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو ضلع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کے اندر تین کلومیٹر کے فاصلے پر تعینات کیا جائے گا اور مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا۔منوج سنہا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز حالات میں سرفہرست ہیں، لیکن کشمیر ایک ایسی جگہ ہے جہاں سائے بھی مشتبہ ہیں۔ایل جی نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائیگا۔اس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے اجتماع کو بتایا کہ پولیس اور سول حکام نے سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کی ہے اور اب دفاتر میں واپس آنے کا وقت آگیا ہے۔انہوںنے پنڈت ملازمین سے مخاطب ہوکرکہاکہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ کل سے ڈیوٹی جوائن کریں۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے شہریوں کو نشانہ بنانے والے بہت سے شرپسندوں کو ختم کر دیا ہے اور وہ ایسا کرتے رہیں گے۔ادھر پنڈت ملازمین نے حکومت اورنتظامیہ کی یقین دہانیوں کے باوجود مسلسل13ویں روز بھی احتجاج جاری رکھا۔شیخ پورہ بڈگام اور بادامی باغ چھاؤنی کے قریب احتجاجی مظاہروں میں شامل پنڈت ملازمین نے سوالیہ اندازمیں کہاکہ حکومت اورحکام کس سیکورٹی کی بات کر رہے ہیں؟ کیا راہل کو محفوظ دفتر میں قتل نہیں کیا گیا؟ بہت ہو گیا، ہمیں قربانی کا بکرا کیوں بنایا جا رہا ہے۔12مئی جس دن راہول بھٹ کی ہلاکت کاواقعہ پیش آیا،سے تمام دنوں میں، پنڈتوں نے تقریباً تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ایک پنڈت لیڈر اشونی پنڈتا نے کہاکہ ہم پنڈت ملازمین کو جموں سے باہر منتقل کرنے کے اپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے، اس کے علاوہ اس غیر آئینی بانڈ کو منسوخ کر دیں گے جو کشمیرپنڈت ملازمین کو وادی میں خدمات انجام دینے کا پابند کرتا ہے۔پنڈتا نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج جاری رکھیں گے جب تک حکومت اس کا حل تلاش نہیں کرتی۔ادھرمظاہرین نے منگل کو شیخ پورہ میں نعرے لگائے کہ ’’صرف حل نقل مکانی ہے۔ کشمیری پنڈت قربانی کا بکرا نہیں بنے گا۔










