چند لوگ احتجاج کیلئے نکلے، محبوبہ مفتی سمیت دیگرلوگ آگ سے نہ کھیلیں:رویندررینا
سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کی جموں وکشمیر شاخ کے صدر رویندر رینا نے یاسین ملک کودی گئی سزا کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ اُس نے عدالت میں سب قبول کیا ہے اوراُس کواپنے کارناموں کی سزاملی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق رویندر رینا نے جموںمیں ایک نجی نیوز چینل کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے یاسین ملک کواُس کے کارناموںکی سزاسنائی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملک نے عدالت میں سب کچھ قبول کیا۔اُ س عدالت میں پورا موقعہ دیاگیا،اوراُ س نے خود ہی سب کچھ تسلیم کیاہے ۔بھاجپا جموں وکشمیر کے صدر کاکہناتھاکہ عدالت نے دونوں فریقین کوپورا موقعہ دیا ۔دونوںکے دلائل سنے ،اورپھر فیصلہ سنادیا۔رویندررینانے مائسمہ میں ہوئے احتجاج پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ چند لوگ نکلے ہیں ،سب کشمیریوںکوبدنام مت کرئو ،کشمیری دل سے ہندوستانی ہیں ۔انہوںنے سوالیہ انداز میں کہاکہ سمبل میں8سالہ بچے عاطف میرکو2019میں قتل کیاگیا ،کیا یہ دہشت گردی نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی پرقانون خاموش نہیں رہے گا۔رویندر رینا نے مزیدکہاکہ محبوبہ مفتی ہویاکہ کوئی اور،وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں ،اورآگ سے کھیلنا خطرناک ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگرکشمیرمیں گزشتہ تیس برسوں میں ایک لاکھ لوگ مرے ہیں توان میں سے 80ہزازمسلمان ہیں ۔رویندررینا نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ابھی یاسین ملک کیخلاف ائرفورس اہلکاروںکی ہلاکت کاکیس ٹاڈا کورٹ میں زیرسماعت ہے ۔انہوںنے کہاکہ میری سمجھ میں نہیں آتاکہ محبوبہ مفتی اپنی بہن روبیہ سعید کے اغواکار یاسین ملک کی طرفدار کیوں ہیں ۔رویندرینا نے کہاکہ پاکستان دنیا میں مسلمانوں اوراسلام کاسب سے بڑا دشمن ہے۔










