سرینگر// ہند پاک آبی تنازعہ کو لیکراسلام آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے امور پر مذاکرات شروع ہوگئے ۔یہ مذاکرات انڈس واٹر کمشنر ز کی سطح پر ہو رہے ہیں۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین اندس واٹر کمشنر کے مذاکرات 3 مارچ تک جاری رہیں گے۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کر رہے ہیں جبکہ ہندوستانی وفد کی نمائندگی ہندوستانی واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔مذاکرات میں ہندوستان کی طرف دریائے چناب پر زیر تعمیر آبی منصوبے ، پکل دل اور لوئرکلنائئی سمیت دیگر منصوبوں پر بات ہوگی۔واضح رہے کہ ہندوستان سے آبی ماہرین کا 10 رکنی وفد واگہ کے راستے لاہور پہنچا تھا، پاکستان کی جانب سے ہندوستانی آبی منصوبوں پر اعتراضات کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا۔مہرعلی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چناب پر 624 میگا واٹ کیرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ڈیزائن پر اعتراض ہے۔انڈس واٹر کمشنر کا کہنا ہے کہ 25 میگاواٹ کے ہنڈررمان منصوبے کے ڈیزائن پر اور دریائے سندھ پر ہی ساڑھے18 میگاواٹ کے سانکو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی بات ہوگی۔ ہندوستان وفد اجلاس کے بعد 4 مارچ کو ہندوستان روانہ ہوجائے گا۔










