ہندوستان میں کورونا کی رفتار پھر بے قابو! ایک دن میں 11 ہزار سے زیادہ نئے معاملے درج

نئی دہلی: ملک میں کورونا انفیکشن کی رفتار پھر بے قابو ہوتی نظر آ رہی ہے۔ کیسز میں اضافے کے ساتھ فعال مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے کل 11109 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ گزشتہ 236 دنوں میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز اب 50 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں۔ کل یعنی جمعرات کو فعال مریضوں کی تعداد 44998 تھی جب کہ اب یہ بڑھ کر 49622 ہو گئی ہے۔ وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 افراد کورونا کی وجہ سے فوت ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار 64 ہو گئی۔گزشتہ دنوں دہلی اور راجستھان میں تین تین، چھتیس گڑھ اور پنجاب میں دو دو، جب کہ ہماچل پردیش، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڈیشہ، پڈوچیری، تمل ناڈو، اتراکھنڈ اور یوپی میں ایک ایک مریض کی موت ہوئی۔اب تک ملک میں کورونا ویکسین کی 220.65 کروڑ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ کوون ویب سائٹ پر ملی معلومات کے مطابق، 102.74 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کی پہلی خوراک مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ 95.19 کروڑ سے زیادہ دوسری خوراکیں دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 22.72 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو احتیاطی خوراک بھی دی گئی ہے۔