لیفٹیننٹ گورنر نے وادیٔ کشمیر میں ’پی ایم پیکیج‘ ملازمین کیلئے 1,416 ٹرانزٹ رہائشی فلیٹس کااِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے وادیٔ کشمیر میں ’پی ایم پیکیج‘ ملازمین کیلئے 1,416 ٹرانزٹ رہائشی فلیٹس کااِفتتاح کیا

کشمیر ، کشمیری پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے اور یہ اَپنی روح کے ایک قیمتی حصے سے محروم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانےسری نگر کے علاقے زیون میں’ پی ایم پیکیج ‘ کے تحت ملازمین کے لئے تعمیرکئے گئے نئے ٹرانزٹ رہائشی کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔اُنہوںنے ضلع بڈگام کے کاکن مارن اور ضلع کپواڑہ کے کولنگام باغ میں رہائشی کمپلیکسوں کابھی بذریعہ ورچیول موڈاِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین مقامات پر مجموعی طور پر 1,416 فلیٹوں کا اِفتتاح’ پی ایم پیکیج ‘کے تحت تعینات ملازمین کے رہائشی حالات کو بہتر بنانے اوروادیٔ میںکشمیری پنڈت کنبوںکی باعزت واپسی کے ویژن کوآگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہر فلیٹ ایک ایسے کنبے کی اُمنگوں، عزم اور اُمیدوں کی عکاسی کرتا ہے جو کشمیر میں ایک محفوظ مستقبل کا خواہاں ہے۔ٹرانزٹ رہائشی منصوبے کے تحت وادیٔ کشمیر کے 10 اَضلاع میں 20 مقامات پر 342 بلاکس میں مجموعی طور پر 6,000 فلیٹس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ اِس منصوبے پر 2020ء میں’ مشن موڈ‘ کے تحت کام شروع کیا گیا تھا۔ منظور شدہ 6,000 فلیٹوں میں سے زائد اَز 5,200فلیٹوںکی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ 3,800 سے زیادہ فلیٹس پہلے ہی الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ضلع کپواڑہ کے کولنگام باغ کمپلیکس میں 18 بلاکوں پر مشتمل 288 فلیٹس ہیں جبکہ ضلع بڈگام کے کاکن مارن کمپلیکس میں 12 بلاکوں کے تحت 192 فلیٹس تعمیر کئے گئے ہیں۔


منوج سِنہا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام زیرِ اِلتوا ٔکاموں کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) انیل کمار سنگھ نے یقین دِلایا کہ باقی ماندہ فلیٹوں کی تعمیر رواں برس دسمبر تک مکمل کی جائے گی۔اُنہوں نے مزدوروں، اِنجینئروں، محکمہ تعمیراتِ عامہ کے اَفسران، صوبائی کمشنر کشمیر، ضلعی اِنتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سکیورٹی فورسز اور پانی و بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے ذِمہ دار اِداروں کی خدمات کو سراہا۔اُنہوں نے وادی میں’پی ایم پیکیج ‘پروگرام کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی لگن اورخدمات کی بھی سراہنا کی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کہا کہ فلیٹس کی تکمیل ایک نئی ذِمہ داری کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔ اُنہوں نے بجلی اور پانی کی بلاتعطل فراہمی، مضبوط حفاظتی اِنتظامات، مؤثر صفائی ستھرائی،ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی شکایات کے فوری اَزالے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈت کنبوں کی باعزت واپسی، کشمیر کے ثقافتی، روحانی اور تہذیبی ورثے کے تحفظ کے لئے اِنتہائی اہم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی خدمات کے بغیر کشمیر کے اَدبی شعور، روحانی ورثے اور ثقافتی شان و شوکت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔اُنہوں نے کہا،’’کشمیر،کشمیری پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے اور یہ اَپنی روح کے ایک قیمتی حصے سے محروم ہے۔ کشمیری پنڈت کنبوں کی باعزت واپسی، کشمیر ڈویژن کے تاریخی ورثے اور اِنسانی وقار کو بحال کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا،’’اِس پورے خطے کی قدرتی، ثقافتی اور روحانی خوبصورتی اُسی وقت مکمل ہو گی جب ہمارے کشمیری پنڈت بھائی اور بہنیں عزت، تحفظ اور اعتماد کے ساتھ اَپنی مادرِ وطن واپس آئیں گے۔‘‘اِفتتاحی تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) انیل کمار سنگھ، کمشنر سیکرٹری محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلیٹیشن و رِی کنسٹرکشن ایم راجو، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، آئی جی پی کشمیر سجیت سنگھ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو، کمشنرریلیف اینڈ رِی ہیبلی ٹیشن اروند کاروانی، سینئر اَفسران،ممتازشہریوں اور پی ایم پیکیج ملازمین نے شرکت کی۔