دفاعی شعبہ نہ صرف قومی سلامتی کی بنیاد بلکہ ہماری معیشت کو مضبوط بنانے کا ستون
سرینگر/ سی این آئی // وزیر دفاع راجناناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کا دفاعی ڈھانچہ کسی غیر یقینی ’’غیر ملکی مداخلت ‘‘پر منحصر ہونے کے بجائے اس کی اپنی صلاحیتوں پر مبنی ہونا چاہئے۔ سی این آئی کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایک دفاعی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپریشن سندور کے دوران دیکھا، آج کی جنگوں میں فضائی دفاعی صلاحیت کی اہمیت کافی حد تک بڑھ گئی ہے۔ ایسے حالات میں، سدرشن چکرا مشن یقیناً گیم چینجر ثابت ہوگا۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاست نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ دفاع کے میدان میں بیرونی انحصار اب کوئی آپشن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں خود انحصاری ہماری معیشت اور ہماری سلامتی دونوں کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ’’ آج دفاعی شعبہ نہ صرف قومی سلامتی کی بنیاد ہے بلکہ ہماری معیشت کو مضبوط بنانے اور اس کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں ایک ستون بن گیا ہے۔ یہ صرف لوگوں کی حفاظت، زمین کی حفاظت یا سرحدوں کے دفاع سے متعلق نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری پوری معیشت کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ایک ذمہ دار شعبہ بنتا جا رہا ہے‘‘۔وزیر دفاع نے ایک ہی وقت میں کہا کہ خود انحصاری اور مقامی بنانے کو ’’تحفظ پسندی ‘‘ کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا’’دفاعی شعبے میں، خود انحصاری بالکل تحفظ پسندی کا مسئلہ نہیں ہے؛ بلکہ، یہ خودمختاری کا مسئلہ ہے۔ یہ قومی خود مختاری کا مسئلہ ہے۔ یہ خود اعتمادی کا مسئلہ ہے‘‘۔










