سری نگر//ہندوستان اور چین 11 مارچ کو کور کمانڈر سطح کی بات چیت کا15 واں دور منعقد کریں گے تاکہ مشرقی لداخ میں توازن بگاڑنے والے علاقوں کو حل کرنے کی کوشش کی جاسکے۔جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کا 15 واں دور چشول،مولڈو بارڈر پرسنل میٹنگ پوائنٹ کے ہندوستانی حصے میں ہوگا۔ لداخ میں حقیقی لائن آف کنٹرول کے ذمہ دار 16ویں کور کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل انندا سینگپتابھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل سینگپتا نے 14ویں دور کی بات چیت سے کچھ دن پہلے کور کمانڈر کا عہدہ سنبھالا تھا، لیکن اکتوبر میں بھی پچھلے دور سے بات چیت کا حصہ تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں فریق مشرقی لداخ میںایل اے سی پرتوازن بگاڑنے والے علاقوں کے حل کے حصول پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دفاعی ذرایع نے کہا کہ باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کے لیے دونوں فریقوں کے حالیہ بیانات حوصلہ افزا اور مثبت نوعیت کے ہیں۔کور کمانڈرز کے درمیان بات چیت کا آخری دور جنوری میں ہوا تھا لیکن اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ تاہم دونوں فریقوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ جلد دوبارہ ملاقات کریں گے۔ بات چیت کے آخری دور میں جاتے ہوئے، بھارت پیٹرولنگ پوائنٹ (PP) 15 کے حل کی امید کر رہا تھا۔










