پرنسپل سیکرٹری کلچر نے عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے مواصلاتی خلأ کو پُر کرنے پر زور دیا
ہندواڑہ//پرنسپل سیکرٹری کلچر سریش کمار گپتا نے عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے اَفسروں اور محکموں کے درمیان مواصلاتی خلا کو پُر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار سرحدی ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں منعقدہ عوامی دربار سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔سریش کمار گپتا نے وفود، اَفراد، سول سوسائٹی کے اَرکان اور نمائندوں کے ایک متنوع گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناکافی معلومات کا بہاؤ اکثر مواصلاتی رکاوٹیں پیدا کرتا ہے جس سے کمیونٹی کے مسائل کے حل میں رُکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی دربار نے شہریوں کو اَپنے مسائل کا اِظہار کرنے اور فوری حل اَزالے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔عوام کی جانب سے اُٹھائے گئے اہم مسائل میں پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی، قبائلی آبادی کو درپیش چیلنجز، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، سڑکوں کی چوڑائی اور بہتر رابطے شامل ہیں۔ متعدد وفودنے اِنٹرنیٹ کنکٹوٹی، نالوں اور ندی نالوں کے کناروںکی ضرورت اور ضلع میں نئی صنعتوں کے قیام جیسے مسائل کو اُجاگر کیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے تمام حاضرین کو یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیح دی جائے گی اور ان کا اَزالہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے خاص طور پر نوٹ کیا کہ جل جیون مشن سے متعلق مسائل کو جلد حل کرنے کے کئے غور کیا جائے گا۔اُنہوںنے عوام کو مرکزی اور جموں و کشمیر حکومت کی سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دی اور اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سکیموں کے بارے میں معلومات مؤثر طریقے سے مستحق آبادی تک پہنچیں۔عوامی دربار کے موقعہ پر چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ عرفان سلطان پنڈت پوری، ضلع ترقیاتی کمشنرکپواڑہ آیوشی سوڈان، ڈائریکٹر لائبریریز محمد رفیع، اے ڈی سی ہندواڑہ عزیز احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے دو اہم پروجیکٹوں منریگا کے تحت ڈانگیرواڑی بلاک ماگام میں پٹواری نالہ پر فٹ برج کی تعمیر اور خانو بابا گنڈ میں کچری بی میں ایک آنگن واڑی سینٹر کی تعمیر کا اِفتتاح کیا اور پروجیکٹ کی کل لاگت 16.10 لاکھ روپے ہے۔










