سری نگر//وزیربرائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی اور پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے کھمبر میں شیپ بریڈنگ فارم کا دورہ کیا اور جاری افزائشی پروگراموں اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں بھیڑ پالن شعبے میں انقلاب لانے اور گوشت کی پیداوار میں زیادہ خود کفالت کے لئے پیداواریت بڑھانے کے واسطے تبدیلی آمیز اور سائنسی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے حکومت کے ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی (اِی ٹی ٹی) پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اَضلاع میں ای ٹی ٹی لیبارٹریوں کا قیام اعلیٰ معیار کے جینیاتی مادّے کی تیز رفتار افزائش کو ممکن بنائے گا اور جینیاتی بہتری میں تیزی لائے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اس سمت میں ایک اہم اقدام کے طور پر ہر ضلع میں ایک یعنی کل 20 اِی ٹی ٹی لیبارٹریوں کے قیام کی منظوری دی ہے۔جاوید ڈار نے مقامی افزائشی پروگراموں کو مضبوط بنانے کے لئے ٹیکسل اور ڈورپر سمیت اعلیٰ جینیاتی معیار کی درآمد شدہ نسلوں کے سائنسی استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ توجہ مقامی طور پر موافقت رکھنے والی آبادی میں اعلیٰ جینیاتی خصوصیات کی منتقلی پر ہونی چاہیے تاکہ گوشت کی پیداواریت بہتر ہو اور ملکی مٹن سیکٹر مضبوط ہو۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ معیاری جینیاتی مادّے کا سائنسی انتخاب، تحفظ اور افزائش اور اس کی کسانوں تک وسیع تر ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ کسانوں کو افزائشی بھیڑیں فراہم کرنے کے لئے ایک شفاف، سائنسی بنیادوں پر مرتب کردہ ایس او پی نوٹیفائی کی جائے تاکہ استفادہ کنندگان کا معروضی انتخاب، اعلیٰ جینیاتی مادّے کا مناسب استعمال اور کوالٹی بریڈنگ اسٹاک تک وسیع رسائی یقینی بنائی جا سکے۔وزیر موصوف نے جدید بھیڑپالنے میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیا جس میں کاروباری صلاحیت ، روزگار اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کی صلاحیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ خواہش مند نوجوان کسانوں کو تربیت، تکنیکی رہنمائی اور ہینڈ ہولڈنگ سپورٹ فراہم کی جائے۔افسران نے وزیر کو بتایا کہ کھمبرفارم میںباریک اون اور خصوصی نسلیںبشمول درآمد شدہ اور آسٹریلوی نسلیں کے علاوہ کشمیر میرینو جیسی کراس بریڈ اقسام موجود ہیں اور یہ فارم معیاری افزائشی مینڈھوں کی تقسیم کے ذریعے مقامی افزائشی پروگراموں کا سپورٹ کرتا ہے۔










