وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے امرتسر میں تجدید شدہ جے اینڈ کے ہائوس کا اِفتتاح کیا

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے امرتسر میں تجدید شدہ جے اینڈ کے ہائوس کا اِفتتاح کیا

جموںوکشمیر کے باشندوں کو جدید سہولیات سے آراستہ یہ عمارت سستی اور آرام دہ رہائش فراہم کرے گی

امرتسر( پنجاب//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے امرتسرپنجاب میں تجدید شدہ اور جدید سہولیات سے آراستہ جے اینڈ ہاؤس کا اِفتتاح کیا۔امرتسر میں2۔کورٹ روڈ پر اس تاریخی عمارت جدید سہولیات کے ساتھ مکمل طور پر اَپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ امرتسر کا دورہ کرنے والے جموںوکشمیر کے باشندوں بالخصوص طبی علاج معالجے کے لئے شہر آنے والے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کو سستی اور آرام دہ رہائش فراہم کی جا سکے۔تجدید شدہ اور اَپ گریڈیشن کا کام اکتوبر 2025 میں شروع ہواتھااور تقریباً 2.30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ اِن کاموںمیں سول اور الیکٹریکل کام، اندرونی سجاوٹ، مہمانوں کے لئے سہولیات، بیرونی ترقیاتی کام اور متعلقہ اِنفراسٹرکچر شامل تھے۔اَپ گریڈ شدہ اس سہولیت میںچار مہمان کمرے جن کے ساتھ ڈریسنگ ائیریا اور واش روم منسلک ہیں۔اس کے علاوہ ایک مشترکہ بیٹھک، کھانے کا کمرہ اور باورچی خانہ بھی موجود ہے۔شہر کے اہم ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کے قریب واقع جے اینڈ کے ہاؤس مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کے لئے ایک اہم اِمدادی مرکز ثابت ہوگا اوراس کے علاوہ اس سے جموں و کشمیر کے طلبأ، وزیٹروں اور دیگر سیاح بھی مستفید ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے اَپ گریڈ شدہ سہولیات کا معائینہ کیا اور متعلقہ اَفسران کو مہمانوں کے لئے مہمان نوازی، صفائی ستھرائی اور مینی ٹیننس کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولیت علاج کے لئے جموں و کشمیر سے باہر جانے والے مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو درپیش مشکلات میں کمی لانے میں اہم کردار اَدا کرے گی۔ اِس کے علاوہ جموں و کشمیر سے آنے والے دیگر اَفراد کے لئے بھی یہاں مناسب، آسان اور کم خرچ رہائش کی سہولیت دستیاب ہوگی۔اُنہوں نے عمارت کی تجدید اور اَپ گریڈیشن میں تعاون کرنے والے متعلقہ محکموں اور افسران کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے اس سہولیت کو بہتر معیار کے ساتھ برقرار رکھنے اور اس کی مناسب مینی ٹیننس کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ ہمراہ ان کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ریذیڈنٹ کمشنر جموں و کشمیر رمیش کمار،سیکرٹری خاطر تواضع و مہمان نوازی محکمہ اونی لواسا، ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر انیل شرما اور حکومت جموں و کشمیر اور حکومت پنجاب کے سینئر اَفسران بھی تھے۔