Weather conditions across the tunnel remain poor, fresh snow in the highlands, rain in the plains.

ہلکی برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں ایک مرتبہ پھر کمی ریکارڈ

یکم سے 6 دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع / محکمہ موسمیات

سرینگر // پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں ایک مرتبہ پھر کمی ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر بدھ کو دن بھر آسمان ابر آلود رہنے کے باعث دن میں بھی کافی سردی درج کی گئی ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بڑے پیمانے پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کے چلتے جموں و کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر رات کا درجہ حرارت گر گیا لیکن معمول سے زیادہ رہا۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور درمیانی اور بالائی علاقوں میں برفباری کے ساتھ 29 اور 30 نومبر کو چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ان دو دنوں کیلئے جموں اور کشمیر دونوں خطوں میں کچھ مقامات پر طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کیلئے ’’یلو الرٹ ‘‘بھی جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ 30نومبر تک بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے معمول کی زندگی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ کچھ مقامات پر سڑکیں بھی بند ہو سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہایکم سے 6 دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم سے 2 دسمبر تک موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود، 3 دسمبر تک عام طور پر ابر آلود اور 4 سے 7 دسمبر تک جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔شبانہ درجہ حرارت کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیا گیا انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں گزشتہ رات 1.2 ڈگری کے مقابلے میں منفی 1.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔