ہسپتالوں میں مریض سردی سے کانپ رہے ہیں

ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے ہسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم چالو کرنے پر زور دیا

سرینگر// وادی کشمیر میں سخت سردی کے بیچ سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے مریض سردی سے کانپ رہے ہیں اور مریضوں کیلئے یہ سخت سردی باعث پریشانی بن سکتی ہے ۔ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے ہسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم چالوں کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سٹار نیو زنیٹ ورک کے مطابق جموں و کشمیر انتظامیہ سے کشمیر کے اسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر نے جمعہ کو کہا کہ اسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم ابھی تک شروع نہ ہونے کی وجہ سے مریض سردی سے کانپ رہے ہیں۔درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے سردی بڑھ رہی ہے ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا کہ مریضوں کو بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ہسپتالوں کے ہیٹنگ سسٹم ابھی تک کام نہیں کر رہے ہیں۔ڈاکٹر حسن نے کہا کہ ہسپتالوں میں گرمی کی کمی مریضوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں کارڈیک اور فالج کے مریضوں میں موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ سردی خون کو گاڑھا اور شریانوں کو تنگ کر دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہایہاں تک کہ دمہ کے مریضوں اور پھیپھڑوں کے دائمی امراض کے مریضوں کی حالت سردی کی وجہ سے ہسپتالوں میں خراب ہو جاتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں سردی کی وجہ سے حاملہ خواتین کے قبل از وقت پیدائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ “بچے اور بوڑھے خاص طور پر ہائپوتھرمیا کا شکار ہوتے ہیں جو سانس اور دل کی خرابی اور یہاں تک کہ موت کا باعث بن سکتے ہیں۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے سردی میں کام کرنا مشکل ہوتا ہے خاص طور پر رات کے اوقات میں جب درجہ حرارت تیزی سے گرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر پریہی ہسپتالوں میں ان بلٹ سنٹرل ہیٹنگ سسٹم نہیں ہیں اور وہ روایتی ہیٹر پر انحصار کرتے ہیں جو مریضوں کو فائدہ سے زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوںنے حکام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم چالوکرنے کے ساتھ ساتھ ان علاقوںکے ہسپتالوں میں ہیٹنگ سسٹم نصب کرائیں جہاں پر ابھی ہیٹنگ سسٹم نہیں لگایا گیا ہے ۔