گڈول کوکرناگ 7:دنوں میں 6ہلاکتیں: فوج وپولیس کے3افسراور2ملی ٹنٹ شامل

جاں بحق سیکورٹی افسروں اور جوان کی عظیم بہادری اور قربانی کو سلام:فوج

سری نگر// فوج نے بدھ کو اعلانیہ کہاکہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے گھنے جنگلاتی علاقے گڈول کوکرناگ میں ہفتہ بھر یعنی 13ستمبرسے جاری ملی ٹنٹ مخالف آپریشن اختتام پذیر ہوگیا۔یادرہے اس طویل آپریشن کے دوران کل6افرادکی جانیں چلہ گئیں ،جن میں فوج کا ایک آرمی کرنل، ایک میجر، جموں و کشمیر پولیس کاایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ،ایک فوجی جوان،لشکر کا ایک اعلیٰ کمانڈراورایک عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹ بھی شامل ہے۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ کوایک بیان میں فوج نے کہا کہ پولیس اور فوج کا مشترکہ آپریشن اننت ناگ میں ختم ہو گیا ہے۔بیان کے مطابق 13سے19ستمبرتک آرمی اور جموں وکشمیرپولیس کی طرف سے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن کیا گیا، جو دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ہے۔ فوج کے مطابق پہلا رابطہ13 ستمبر کو قائم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹ اور ایک طویل آپریشن ہوا جو19 ستمبر تک جاری رہا۔2 دہشت گردوں کو ہلاک کیاگیا ،اوراُن کی نعشوں کے علاوہ جائے جھڑپ سے2اے کے رائفل ،ایک پستول اوردیگرجنگی سامان برآدکیاگیا ۔بیان کے مطابق فوج کا چنار کور کرنل منپریت سنگھ، ڈی وائی ایس پی ہمایوں بھٹ، میجر آشیش دھونچک اور سپاہی پردیپ سنگھ کی عظیم بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے ہندوستانی فوج اور جموں وکشمیرپولیس کی اعلیٰ روایات میں قوم کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ بیان میں مزید کہاگیاکہ مشترکہ کارروائیاں ختم ہو چکی ہیں۔منگل کو ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے کہا تھاکہ جنگلاتی علاقے میں آپریشن کو ختم نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ابھی تک بڑے حصوں میں بغیر پھٹنے والے گولوں اور ممکنہ طور پر کسی اور جنگجو کی لاش کی تلاش باقی ہے۔