سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے اِنڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر یوٹی کی سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی اور اس کے کام کاج، سرگرمیوں اور مستقبل کے روڈ میپ کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری،جنرل سیکرٹری اِنڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر شوبھنکر پرتیوش پاٹھک، ڈپٹی کمشنروں (ڈِسٹرکٹ ریڈ کراس یونٹوں کے صدور) اور آئی آر سی ایس جموں و کشمیر کے اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر جو اِنڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر یوٹی کے صدر بھی ہیں، نے ڈپٹی کمشنروںکو ہدایت دی کہ وہ وسائل متحرک کرنے کے عمل کو مزید تیز کریں اور فنڈز جمع کرنے کے لئے جدید اور مؤثر ذرائع تلاش کریں تاکہ ریڈ کراس سوسائٹی کی انسانی ہمدردی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ہر ضلع کے لئے جامع سالانہ سرگرمیوں کے منصوبے تیار کئے جائیں جن میں ترجیحی شعبوں اور اَقدامات کی نشاندہی کی جائے اور مؤثر عمل عمل آوری کے لئے انہیں پیش کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ریڈ کراس کی خدمات پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں خدمات کا دائرہ وسیع کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے ڈپٹی کمشنروںکو مشورہ دیا کہ وہ دُور دراز علاقوں میں تشخیصی مراکزقائم کرنے کے اِمکانات تلاش کریں بالخصوص ان علاقوں میں جہاں لوگوں کو ہسپتالوں تک پہنچنے اور ضروری طبی سہولیات حاصل کرنے کے لئے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تپ دق (ٹی بی) کے مکمل خاتمے کے لئے مربوط کوششوں کو تیز کرنے اور بنیادی سطح پر ٹی بی کے مریضوں کی مؤثر شناخت، تشخیص، علاج اور فالو اَپ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر اِس بات پر زور دیا کہ ریڈ کراس سوسائٹی کو اَپنے انسانی دوست کردار کو مزید مضبوط بنانا چاہیے اورجموںوکشمیر میں معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقوں تک بروقت اِمداد اور ضروری خدمات کی پہنچ کو یقینی بنانے کے لئے اَپنی سرگرمیوں کو بڑھانا چاہیے۔ اُنہوں نے آئی آر سی ایس جموں و کشمیر کے اَفسران کویہ ذِمہ داری سونبپ کہ وہ اِنسداد منشیات مہم کو مزید تیزکریں اور ’’نشہ مکت جموں و کشمیر‘‘ کی تعمیر میں اپنا گرانقدر تعاون دیں۔جنرل سیکرٹری آئی آر سی ایس جموں و کشمیر شوبھنکر پرتیوش پاٹھک نے جائزے اور منظوری کے لئے مختلف ایجنڈا آئٹمز پیش کئے۔میٹنگ میں بجٹ تخمینوں، آڈِٹ، بلڈ بینکس اور تشخیصی مراکز میں میڈیکل افسران کی تعیناتی، ریڈ کراس سوسائٹی اور اس کے ضلعی سطح کے یونٹوں کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں سمیت مختلف اہم امور پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ڈپٹی کمشنروںنے لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے اَپنے اَضلاع میں کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ریڈ کراس سوسائٹی کے کام کاج اور لوگوں تک اس کی رسائی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اَپنی تجاویز بھی پیش کیں۔










