علاقے میں طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ، پورا علاقہ فورسز نرغے میں
سرینگر / / وادی کے شمال و جنوب میں جنگجو مخالف آپریشنوں میں تیزی کے بیچ گونڈی پورہ پلوامہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوںکے مابین مسلح جھڑپ کا آغاز ہو گیا ہے ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گونڈی پورہ پنگلن پلوامہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے اتوار کے بعد دوپہر علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کردی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کردیا تو وہاں چھپے بیٹھنے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میںگولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے کا محاصرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور ملی ٹنٹوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں کو خود سپردگی کرنے کا بھی بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم انہوں نے سیکورٹی فورسز کی پیشکش کو بار بار مسترد کیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میںکچھ وقت تک گولی باری ہوئی جو علاقے میں وقفے وقفے سے جاری تھا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اتوار کے بعد دوپہر علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میںتلاشی آپریشن جاری ہے اور جھڑپ ختم ہونے کے ساتھ ہی صورتحال واضح ہو جائے گی ۔










