گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کا ’’ جموں وکشمیر کی آفات کی تیاری‘‘ کے موضوع پر 2 روزہ ورکشاپ کا اِنعقاد

سری نگر//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ،رِی ہیبلٹیشن اور ری کنسٹرکشن محکمے کے اِشتراک سے اِنڈیا کی صدارت جی۔20 کے تحت ’’ جموںوکشمیر کی آفات کی تیاری ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پرپرنسپل سیکرٹری تعلیم آلوک کمار مہمانِ خصوصی تھے۔اِس ورکشاپ میں ضلع سری نگر کے مختلف کالجوں میں کام کرنے والے، کالجوں ، ہائیر سکینڈری سکولوں کے این ایس ایس رضاکاروں اور این ایس ایس نوڈل اَفسران نے شرکت کی۔اِفتتاحی سیشن میںڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ،رِی ہیبلٹیشن اور ری کنسٹرکشن محکمہ کے ماہرین اور کنسلٹنٹس ، ایس ڈی آر ایف کی پہلی بٹالین کے ٹرینروں ، ضلع سری نگر کے ڈگر ی کالجوں کے پرنسپلوں اور ہائیر سکینڈری سکولوں کے اِداروں کے سربراہان موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے اَپنے صدارتی خطاب میں جموںوکشمیر کے حساس جغرافیائی مقامات کے بارے میں بتایا ۔ اُنہوں نے اِس بات پرروشنی ڈالی کہ ہمیں ستمبر 2014ء کے کشمیر سیلاب سے ہونے والی تباہی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اور پہلے سے مؤثر تیاری کے اَقدامات کرنے چاہئیں۔اُنہوں نے اَپنے خطاب کا اِختتام بینجمن فرینکلن کے اقتباس ’’ تیار کرنے میں ناکام ہو کر آپ ناکام ہونے کی تیاری کر رہے ہیں‘‘کا ذِکر کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ، ری ہیبلٹیشن اور رِی کنسٹرکشن ناظم ضیاء خان نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اَپنی ایس آر ڈی ایف بٹالین فسٹ اور سکیند کی مدد سے جموںو کشمیرکے لوگوں پر آفات کے اثرات کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے سکولوں کے نصاب میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سینئر کنسلٹنٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ،رِی ہیبلٹیشن اور ری کنسٹرکشن وسیم شفیع ڈار نے جموںوکشمیر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ڈھانچہ پیش کیا۔ڈائریکٹر کالجز ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر یاسمین عشائی نے جموںوکشمیر کی تباہی کے خطرے ، دیرپا ترقی اور جموںوکشمیر یوٹی کے تباہی کے منظرنامے پر موسمیاتی تبدیلی کے اَثرات پر بات کی ۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اِس طرح کے ورکشاپ تمام شراکت داروں کو تھیم کے حوالے سے اَپنی تشویش کا اِظہار کرنے کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔بعد اَزاں، پرنسپل سیکرٹری نے کالج کی اِشاعتیں جاری کیں ۔