MBBSطالب علم کی مبینہ خودکشی ،ہوسٹل کمرے میں لٹکاپایاگیا،کیس درج :پولیس
بارہمولہ//شمالی کشمیر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں ایم بی بی ایس کرنے والے تریکوٹہ نگر جموں کے ایک22سالہ میڈیکل طالب علم نے مبینہ طور پر خود کو پھانسی پر لٹکا لیا۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے منگل کو بتایاکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ کے ایک 22 سالہ ایم بی بی ایس کے طالب علم میانک بھارتی ولدکلدیپ بھارتی ساکنہ تریکوٹہ نگرجموں نے بارہمولہ قصبہ کے فتح پورہ علاقے کے ایک ہوسٹل میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ہوسٹل میں ایک میڈیکل طالب علم کے ایک کمرے میں لٹکے ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ بارہمولہ سے ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی ۔پولیس کی ٹیم نے طالب علم کی نعش کواپنی تحویل میں لینے کے بعدجی ایم سی اسپتال بارہمولہ منتقل کیا۔پولیس ذرئع نے بتایاکہ طبی وقانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد ایم بی بی ایس کررہے طالب علم کی میت لواحقین کے سپردکی جائے گی ۔پولیس نے اس سلسلے میں سی آرپی سی 174کے تحت معاملہ درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے ۔اُدھر معلوم ہواکہ جواں سال میڈیکل طالب علم کی مبینہ خودکشی کی اطلاع ملتے ہی اُسکے گھر واقع تریکوٹہ نگرجموں سے اسکے کئی قریبی رشتہ دار بارہمولہ روانہ ہوئے ۔










