Second day of Shri Amarnath Yatra

گزشتہ 33دنوں میں 4.75لاکھ سے زائد یاتریوں نے گھپا کا درشن کیا

1295یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں بیس کیمپ سے وادی کی جانب روانہ

سرینگر // امسال ریکارڈ تعداد میں امرناتھ یاتریوں کی آمد کے بیچ گزشتہ 33دنوں میں 4.75لاکھ سے زائد یاتریوں نے گھپا کا درشن کیا ہے ۔ ادھر 1295یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں بیس کیمپ سے وادی کی جانب روانہ ہو گیا ۔ سی این آئی کے مطابق سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا جاری ہے اور گزشتہ 33 دنوں میں 4.76 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے امرناتھ یاترا کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ یاترا 29 جون کو شروع ہوئی تھی اور 52 دن کے بعد 19 اگست کو شراون پورنیما اور رکشا بندھن تہواروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو بھی 5000 سے زیادہ نے یاتریوں نے درشن کیا اور 1295یاتریوں پر مشتمل تازہ قافلہ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے دو حفاظتی قافلوں میں وادی کیلئے روانہ ہوئی۔ 349 یاتریوں کو لیکر 15 گاڑیوں کا پہلا قافلہ شمالی کشمیر کے بالتل بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوا جبکہ 33 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 946 یاتریوں کو لیکر جنوبی کشمیر کے نونوان بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوا۔سیکورٹی کے انتظامات، کمیونٹی کچن (لنگر)، ٹرانزٹ اور بیس کیمپس اور جموں سے کشمیر تک ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کی ہر جگہ موجودگی نے اس سال ایک محفوظ، ہموار اور پریشانی سے پاک یاترا کو یقینی بنایا ہے۔