دہلی میں عام آدمی پارٹی کی قیادت والی حکومت میں صرف لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
سرینگر // نئی دہلی میں کیجروال سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ میں نے اپنے لیے شیش محل نہیں بنایا بلکہ غریبوں کے لیے 4 کروڑ گھر بنائے۔ سی این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے آج تک اپنے لیے کوئی گھر نہیں بنایا ہے اور اگر وہ چاہتے تو اپنے لئے شیش محل بنا سکتے تھے، لیکن یہ ان کا خواب رہا ہے کہ لوگوں کو مستقل مکان فراہم کیا جائے۔دہلی کے اشوک وہار میں سوابھمان اپارٹمنٹ میں اِن سیٹو سلم بحالی پروجیکٹ کے تحت جھگی جھوپڑی (جے جے) گروپوں کے رہائشیوں کے لیے 1,675 نئے تعمیر شدہ فلیٹس سمیت کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس دوران اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں 10 سالوں میں ان کی قیادت والی مرکزی حکومت نے چار کروڑ سے زیادہ غریبوں کو گھر فراہم کرنے کا خواب پورا کیا۔انہوں نے کہا’’ملک اچھی طرح جانتا ہے کہ مودی نے کبھی اپنے لیے گھر نہیں بنایا، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں انہوں نے 4 کروڑ سے زیادہ لوگوں کے خواب پورے کیے ہیں۔ میں بھی شیش محل بنا سکتا تھا، لیکن میرے لیے یہ خواب تھا کہ میرے ہم وطنوں کو مستقل مکان ملیں‘‘۔وزیر اعظم نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی قیادت والی حکومت کو ’’آفت ‘‘حکومت قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ قومی راجدھانی کے لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی مناسب طریقے سے فراہم نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے لاکھوں دہلی کے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ گھر بنانے میں لاکھوں روپے لگانے کے بعد بھی اگر گٹر نہ ہوں، نالیاں ٹوٹی ہوں، گلیوں میں گندا پانی بہتا ہو، تو دہلی کے لوگوں کا دکھی ہونا فطری بات ہے۔کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا’’جو لوگ دہلی کے لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں اور جھوٹی قسمیں کھا کر اپنے لیے شیش محل بناتے ہیں، جب یہ آفت دور ہو جائے گی اور بی جے پی آئے گی۔ یہ تمام مسائل بھی حل ہو جائیں گے‘‘۔کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’’دہلی پچھلے 10 سالوں سے ایک بڑے ’’آفت ‘‘سے گھری ہوئی ہے۔










