نیتن یاہو کو نیویارک آمد پر گرفتاری کا خدشہ

تل ابیب / نیویارک/یو این آئی // اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہوکو نیویارک آمد پرگرفتاری کا خدشہ ہے، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے قانونی مشاورت شروع کردی ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمزکو دییگئے انٹرویو میں ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جنگی مجرم ہے۔ اسے ’دی ہیگ‘ میں ہونا چاہیے، دی ہیگ کی انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نیتن یاہو پر جنگی مجرم ہونیکی فرد جرم عائد کرچکی ہے۔خیال رہیکہ نیتن یاہو کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ستمبر میں نیویارک آنا ہے۔میئر ممدانی کا کہنا ہے وہ اپنے قانونی اختیار کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا وہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ایک غیر ملکی سربراہ مملکت کی گرفتاری کا حکم دے سکتے ہیں یا نہیں؟ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران نیتن یاہو کے اقدامات کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔نیویارک سٹی میں قانون مجھے جو کچھ کرنیکی اجازت دیتا ہے، ہم وہی کریں گے لیکن ہم اس مقصد کے لیے اپنے قوانین خود نہیں بنائیں گے۔
یاد رہیکہ گزشتہ سال میئر کی انتخابی مہم کے دوران ممدانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آئے تو وہ پولیس کو نیتن یاہو کی گرفتاری کا حکم دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاری انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ پر عملدرآمد ہوگی، جو غزہ جنگ میں نیتن یاہو کے کردارسے متعلق تھا۔دوسری جانب نیتن یاہو نے حالیہ ریڈیو انٹرویو میں ممدانی کی گرفتاری کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کی کوئی فکر نہیں۔انہوں نے میئر پر الزام لگایا کہ وہ حماس کی حمایت کرتے ہیں۔