نونر میں 34سال کے وقفے کے بعد شوبا یاتر ا نکالی گئی
گاندربل//گاندربل میں جنم اَشٹمی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔اِس موقعہ پر تاریخی بید یشور مہادیو مندر نونر سے مقامی پنڈت عقیدت مندوں نے 34برس کے وقفے کے بعد روایتی تقریبات کا ایک حصے کے طور پر شوبا یاترا نکالی جو پُر اَمن طریقے سے دیوراج مندر چپر گنڈ وائل میں اِختتام پذیر ہوئی۔یاترا میں مردو خواتین کے علاوہ بچے بھی شامل تھے جو جلوس کے پورے سفرمیں مذہبی دعائیں مانگتے رہے۔دونوں مندروں کی خوبصورتی کو پھولوںاور روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے بھی شوبا یاترا میں حصہ لیا اور مندر میں پوجا کی ۔اُنہوں نے عقیدت مندوں سے بات چیت کی اور جنم اَشٹمی کے موقعہ پر مبارک باد دی۔دریں اثنأ ، چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل گاندربل نزہت اشفاق ، ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر ، اے ڈی ڈی سی گاندربل مشتاق احمد سمنانی اور مقامی پی آر آئیز نے بھی شوبا یاترا میں شرکت کی اور مقامی پنڈتوں کو مُبارک باد دی۔اِس موقعہ پر پنڈت بھائیوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور مقامی کمیونٹی کے تعاون پر ان کا شکریہ اَدا کیا۔واضح رہے کہ ضلع اِنتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جنم اَشٹمی تہوار اور شوبا یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے فول پروف اِنتظامات کئے گئے تھے۔اِس موقعہ پر کئی این جی اوز، سول سوسائٹیز ، پولیس اور مقامی لوگوں نے مقامی پنڈتوں کا اِستقبال کیا اور گاندربل کے سماجی تانے بانے کو ظاہر کرتے ہوئے عقیدت مندوں میں مٹھائیاں ،پانی اور پھل پیش کئے۔










