کوروناکی خطرناک رفتار،یومیہ کیسوںمیں تیزی

165نئے مثبت معاملات،جموں صوبے میں112،کشمیرمیں53درج

سری نگر//جموں وکشمیرمیں عالمگیروبائی وائرس کووڈ19نے خطرناک رفتار پکڑلی ہے ،کیونکہ یومیہ مثبت معاملات میں تیزی کاسلسلہ جاری ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق حکومتی ذرائع نے جمعرات کی شام کوبتایاکہ جموں وکشمیرمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوںکے دوران165افرادکے نمونوںکی جانچ رپورٹس کومثبت پایاگیا۔انہوںنے کہاکہ جموں صوبے میں112نئے کیس درج ہوئے جبکہ کشمیروادی میں53نئے افرادکوکورونامیں مبتلاء پایاگیاہے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ یونین ٹریٹری کی سرمائی اورگرمائی راجدھانیاں یعنی جموں اورسری نگر سب سے زیادہ متاثر ہیں ،کیونکہ تازہ165کیسوںمیں سے 92جموں شہراور43سری نگرمیں ریکارڈ کئے گئے ۔حکومتی اعدادوشمار کے مطابق بارہمولہ ،کپوارہ ،پلوامہ میں ایک ایک ،اننت ناگ میں 2اورگاندربل میں5نئے کیس درج ہوئے ۔تاہم بڈگام ،بانڈی پورہ،کولگام اورشوپیان میںکوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔انہوںنے مزیدکہاکہ جموں شہر میں92نئے کیس درج ہونے کے علاوہ اودھم پورمیں سات ،راجوری ،رام بن اورریاسی اضلاع میں ایک ایک ،کٹھوعہ میں 6اورسانبہ ضلع میںچار نئے کیس درج کئے گئے ہیں تاہم ڈوڈہ ،کشتواڑاورپونچھ میں کوئی نیا کیس درج نہیں ہوا۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوںکے دوران119کورونامریض شفایاب ہوئے تاہم فعال معاملات کی تعداد815تک پہنچ گئی ہے ۔حکام نے بتایاکہ مارچ2020سے 14جولائی2022تک کورونا وائرس نے جموں وکشمیرمیں کل 4758افرادکوموت کی نیندسلادیا،جن میں سے 2333جموں صوبے اورباقی 2425اموات کشمیروادی میں ہوئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اموات کے معاملے میں جموں شہرسرفہرست ہے ،جہاں ابتک 1227افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سری نگرمیں ابتک کل 908اموات ہوئی ہیں ۔