کنگن گاندربل میں طبی سہولیات سے لوگ محروم

مریضوں کو مشکلات،انتظامیہ سے توجہ دینے کا مطالبہ

سرینگر / /وسطی ضلع گاندربل کے کنگن ننہامہ میںطبی سہولیات کا فقدان ہے جس کے نتیجے میں لوگوںعلاج و معالجہ کے خاطر اسپتال جانے کیلئے کم سے کم بیس کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نےبتایاکہ ننہامہ علاقہ جو کہ نالہ سندھ کے اس پار ہونے کی وجہ سے وہاں گاڑیوں کی آمد کیلئے پْل بھی قائم نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں کے بیمار بچے بزرگ، حاملہ خواتین کو بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پسماندہ گائوں میں کوئی بھی ہیلتھ سنٹر قائم نہیں ہے ۔جس کے نتیجے میں مریضوں کو دور سفر کرکے اسپتال جاناپڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ بار ہا بار اس سنجیدہ معاملے کو متعلقہ محکمہ جات کی نوٹس میں لایا گیاتاہم کافی یقین دہانیوں کے باوجود بھی کوئی خاطر خواہ نتیجہ بر آمد نہیں ہوسکا ۔انہوں نے کہاکہ اس پسماندہ علاقہ کے کے بیماروں کا طبی معائنہ کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظام نہیںہے ۔یہاں تک اگر اس علاقے میں کسی کو انجیکشن کرنے کی ضرورت پڑتی ہے تو کوئی تجربہ کار فرد دستیاب نہیں ہے اور اس کے لئے بھی دوسرے گاؤں تک جانا پڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ کافی پسماندہ ہے اور یہاں کے لوگ محنت مزدوری کرکے اپنی زندگی بسر کرتے ہیں اور کہا کہ اس علاقہ میں کوئی بھی میڈیکل کی دوکان بھی نہیں ہے۔علاقے کے لوگوں نے اس ضمن میں گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک میڈیکل ڈسپنسری قائم کی جائے تاکہ اس پسماندہ علاقہ غریب عوام کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔