خانن گائوںمیں سڑکوں اور کھڑی فصلوں وسبزیوںکو نقصان
کنگن//وسطی کشمیرکے ضلع گاندربل کے علاقے کنگن کے خانن گائوںمیں جمعہ کی صبح موسلا دار بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیداہوئی ،کیونکہ نزدیکی پہاڑی علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد ایک سیلابی ریلے نے گائوںمیں داخل ہوکر اودھم مچادی ۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوںنے بتایاکہ جمعہ کو صبح صادق کے وقت سے گرج چمک کیساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،اوراس دوران خانن کنگن کے مضافاتی پہاڑی علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ایک سیلابی ریلا گائوں میں داخل ہوگیا ،جس نے سڑکوں اور کھڑی فصلوںکو بھاری نقصان پہنچایا۔لوگ گھروں کے اندرسہم کررہ گئے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ تیز بارشوں اورسیلابی ریلے نے ایک سڑک کوبھاری نقصان پہنچایا جبکہ کھیت کھلیانوںمیں موجود کھڑی فصلیں بشمول دھان اورسبزیاں پانی میں غوط زن ہوگئیں ۔لوگوںکاکہناتھاکہ تیز بارشوں اورسیلابی ریلے کی وجہ سے ایک آبپاشی نہرمیں بھی شگاف پڑگیا،اوراس کاپانی گائوںمیں داخل ہوگیا۔سیلابی ریلے کی وجہ سے خانن گائوںکو دوسرے نزدیکی علاقوں سے جوڑنے والی سڑک بھی بندہوگئی ۔حکام نے بتایاکہ گائوںمیں فوری بچائو کارروائی شروع کرنے کیساتھ ساتھ سڑک پرآمدورفت کو بحال کرنے کی غرض سے فوری طور پر مزدوروں اورمشینوںکو کام پر لگایاگیا،اور کچھ وقت بعد سڑک کوقابل آمدورفت بنایاگیا۔










