سرینگر//کمشنر سیکرٹری پارکس گارڈنز اینڈ فلوریکلچر شیخ فیاض احمد نے سول سیکرٹریٹ میں فلوریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور محکمہ کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں فلوریکلچر ڈیپارٹمنٹ کشمیر کی جانب سے منعقد کئے جانے والے میگا فلاور فیسٹیول کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی جس میں تمام اضلاع کے کاشتکار شرکت کریں گے ۔ کمشنر سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پھولوں کے میلے کیلئے تمام تیاریاں پہلے سے کر لیں ۔ انہوں نے پھولوں کی کاشت کے بارے میں مقامی لوگوں میں بیداری پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچانے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایک آن لائین پورٹل متعارف کرائے گا جو سیاحوں اور اسٹیک ہولڈرز کو معلومات فراہم کرے گا ۔ آن لائین کی جانے والی خدمات میں باغات اور پارکوں کیلئے ای ٹکٹنگ ، باغات میں تصویر اور ویڈیو شوٹنگ کیلئے ای اجازت ، پھول اگانے والوں کیلئے ای رجسٹریشن اور دیگر چیزیں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحوں کی ہر ممکن مدد کیلئے ایک وقف 24×7 ہیلپ لائین بھی شروع کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام باغات اور پارکوں میں ای ٹکٹنگ متعارف کرائی جائے گی تا کہ سیاحوں کو ٹکٹوں کیلئے لائین میں کھڑا نہ ہونا پڑے ۔ اس کے بعد انہوں نے ٹینڈرنگ اور جانچ کے عمل کو تیز کرنے اور کاموں کی الاٹمنٹ کو مقررہ ڈیڈ لائین کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت دی اور افسران پر زور دیا کہ وہ مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے مقرر کردہ ٹائم لائینز کو پورا کریں ۔










