سری نگر//کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، گارڈنز اور پارکس شیخ فیاض نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ کی ترقی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر ،ڈائریکٹر فائنانس فلوری کلچر ، ایڈیشنل سیکرٹری فلوری کلچر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر نے مالی سال 2022-23 ء کے دوران ہونے والی مالی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔ یہ اِنکشاف ہوا کہ 13.85 کروڑ روپے کے مختص بجٹ میں سے 10.58 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ سال 2023-24ء میں 115کام کئے گئے جن کی رقم 16.55 کروڑ روپے تھی جس میں مختلف پروجیکٹوں کے لئے 6.15 کروڑ روپے پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ نے محصولات کے اہداف کو عبور کیا ، مالی سال 2022-23ء میں 8.52 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں 12.60 کروڑ روپے کمائے ۔ مزید برآں، مئی 2023ء تک سال 2023-24ء کے لئے 11.84کروڑ روپے کے محصول کے ہدف میں سے 3.66 کروڑ روپے حاصل ہوچکے تھے۔کمشنر سیکرٹری نے اَفسران کو یقین دِلایا کہ صوبہ کشمیر میں مختلف مقامات پر جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے بقیہ فنڈز فوری طور پر تقسیم کئے جائیں گے۔اُنہوں نے سری نگر کے مشہور ٹیولپ گارڈن میں ٹیو لپ فیسٹول کے کامیاب اِنعقاد کے لئے محکمہ کی ستائش کی اور اسے اَب تک کا بہترین ٹیولپ فیسٹول قرار دیا۔کمشنر سیکرٹری شیخ فیاض نے فلوری کلچر ڈیپارٹمنٹ کی لگن کو اُجاگر کرتے ہوئے جی ۔20ورکنگ ٹوراِزم سمٹ کے دوران سمٹ کے راستوں اور پارکوں کو خوبصورت بنانے میں ان کی محنتی کاوشوں کا ذِکر کیا۔ اُنہوں نے گذشتہ تین برسوں میں پھولوں کی کاشت اور باغات کے منظر نامے کی تبدیلی پر اطمینان کا اِظہار کیا ۔کمشنر سیکرٹری نے اَفسران کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں میں آنے والے منصوبوں کے لئے ایکشن پلان تجویز کریں اور اَپنے دائرہ اِختیار میں پارکوں کی تزئین و آرائش اور ان کو بڑھانے کے حوالے سے ان کے عزم کو سراہا۔










