سری نگر//کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت جموں وکشمیر وِکرم جیت سنگھ نے آج سری نگر میں جموںوکشمیر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک اِستفساری گفتگو میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ کا مقصد حکومت اور سرمایہ کار کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا، ممکنہ شراکت داریوں کو تلاش کرنا ، جموں وکشمیر اور صنعتی شعبے کے باہمی ترقی کے مواقع پر گفتگوکرنا تھا اور جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کی بنیاد رکھنے میں درپیش چیلنجوں کو دُور کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا بھی تھا۔مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 50 سرمایہ کاروں جن میں دواسازی ، بجلی ، ہسپتال ، پیکیجنگ اِنڈسٹری ، فوڈ پروسیسنگ ، مینو فیکچرنگ سیکٹر ، ٹوراِزم سیکٹر ، پرائیویٹ اِنڈسٹریل پارکس ، آئی ٹی اور آئی ٹی اِی ایس ، سی اے سٹوروں اور سٹارٹ اَپس شامل تھے، نے جموںوکشمیر کے سرمایہ کاری کے اِمکانات میں گہری دِلچسپی کا اِظہار کیا ۔ ایک ساز گار کاروباری ماحولیاتی نظام کی سہولیت کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔کمشنر سیکرٹری نے جدت طرازی کے آگے بڑھانے ، اَنٹرپرینیور شپ کو فروغ دینے اور جموںوکشمیر میں صنعتوں کی مکمل صلاحیت کو کھولنے کے لئے سرکاری اور نجی اِداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔کمشنر سیکرٹری نے سرمایہ کاروں کو یقین دِلایا کہ ان کے تاثرات اور تجاویز پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا جائے گا جس کا مقصد کسی بھی رُکاوٹ کو دُور کرنا اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانا ہے ۔ دوران میٹنگ عمل کو بہتر کرنے ، سنگل وِنڈو سسٹم سے خدمات کی فراہمی اور ہنر مند اَفرادی قوت کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت نے کہاکہ سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ہرسہ ماہی میں کم از کم ایک بار اِس طرح کی میٹنگیں منعقد کی جائیں گی۔اُنہوں نے یقین دہانی کی کہ وہ ہر جمعہ کو ایک اوپن ہائوس رکھیں گے جہاں کوئی بھی سرمایہ کار ان سے مل کر اَپنے مسائل پر بات کرسکتا ہے ۔یہ میٹنگ سرمایہ کاروں کے ساتھ بامعنی شراکت قائم کرنے اور دیر پا اِقتصادی ترقی کے لئے ساز گار ماحول کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے مضبوط عز م کی نشاندہی کرتی ہے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل صنعت و حرفت جموں انو ملہوترا ، منیجنگ ڈائریکٹرجموںوکشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن خالد جہانگیر ، ڈائریکٹر اِنڈسٹریز اینڈ کامرس کشمیر محمود احمد شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و حرفت عبدالعزیز اور محکمہ صنعت و حرفت کے دیگر سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔










