منشیات کے اِستعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دِن کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی صدارت کی
کولگام//کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود محکمہ شیتل نندا نے کولگام کا دورہ کیا اور اُنہوں نے ضلع سماجی بہبود محکمہ کولگام اور ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے منشیات کے اِستعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دِن منانے کے لئے منعقدہ ایک میگا تقریب کی صدارت کی۔کمشنر سیکرٹری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اِس دِن کو منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ یہ دِن منشیات سے پاک معاشرے کے مقصد کے حصول کے لئے عمل اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے منایا جاتا ہے ۔اُنہوں نے اَپنے بچے کو منشیات سے دور رکھنے کے لئے والدین کی نگرانی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے لوگوں پرزور دیا کہ وہ ٹول فری ہیلپ لائنز بشمول منشیات سے نجات کی ہیلپ لائن 14446 اور ٹیلی مانس 14416 کی خدمات سے اِستفادہ کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے اِستعمال سے ہونے والی آفات کو کم کرنے میں کمیونٹی کی مداخلت کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے منشیات کی بدعت پر اَپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے اِس بدعت سے نمٹنے کے لئے کمیونٹی کے سپورٹ کی وکالت کی ۔اُنہوں نے کولگام میں منشیات کی لعنت کو روکنے اور ختم کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ رواں سیزن میں تقریباً 1000 کنال اراضی پر موجود غیر قانونی خشخاش کھیتی کو تلف کی گئی ۔اِس بیداری سیشن کے دوران ماہرین اور ریسورس پرسنوں نے بھی اَپنی قیمتی تجاویز اور تجربات سے آگاہ کیا۔مزید برآں، اس دن کو منانے کے لئے ایک ریلی کا اِنعقاد کیا گیا جسے کمشنر سیکرٹری نے منی سیکرٹریٹ سے ہری جھنڈی دِکھا کر منشیات کے اِستعمال کے بارے میں شعور اُجاگر کیا جس میں مختلف سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے تھیم پر مصوری مقابلہ اور مضمون نویسی کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے ۔ایک پُروقار تقریب میں مضمون نویسی اور مصوری کے مقابلوں میں جیتنے والوں اور شرکاء میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے گئے۔کمشنر سیکرٹری کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ناظم سوشل ویلفیئر محمد شفیق چک کی موجودگی میں ’’ وبالِ منشیات ‘‘ نامی کتاب جاری کی گئی۔ بعد اَزاں ایک حلف برداری کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں کمشنر سیکرٹری نے شرکاٗ سے ’’ منشیات کو نہ کہو ‘‘ کے بارے میں عہدکروایا۔پروگرام میں اے ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر ، اے ڈی سی وقار احمد گیری ، اے سی آر ، اے سی ڈی ، اے سی پی ، ڈی ایس ڈبلیو او، سی اِی او ، سی ایم او اور دیگر اَفسران کے علاوہ طلباء ، عملہ کے اَرکان ، پی آر آئیز اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے منشیات سے ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر کولگام کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ڈی ایس ڈبلیو او صنوبر الطاف نے اُنہیں سینٹر میں دستیاب سہولیات کے بارے میںجانکاری دی۔بعد میں کمشنر سیکرٹری نے مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بھی اِستفساری گفتگو کی۔










