بانڈی پورہ / /کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بدھوری نے ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ضلع میں مختلف ریونیو سروسز کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری نے حکومت کے حالیہ اَقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں ’ آپکی زمین آپ کی نگرانی ‘، لینڈ ریکارڈز اِنفارمیشن سسٹم ، دیہات آبادی کا سروے اور دیہی علاقوں میں امپرووائزڈ ٹیکنالوجی اور نقشہ سازی ( ایس وِی اے ایم آئی ٹی وِی اے ) کے علاوہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔اُنہوں نے تجاوزات کے خاتمے ، سرکاری اَراضی کی حد بندی ، ریونیو ریکارڈ کے معائینے ، جمعبندیوں اور گرداوری کی ڈیجیٹائزیشن کی پیش رفت ، گمشدہ لینڈ ریکارڈ ، پٹوار خانہ کی صورتحال اور دیگر اہم اَمور کا بھی جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے چیئر کو جانکاری دی کہ بانڈی پورہ میں دو سب ڈویژن ہیں ، 7تحاصیل ، 24نیابتیں ، 35 پٹوار حلقے ، 124 ریونیو وِلیج ، 12 سی ڈی بلاک اور 151 پنچایتیں ہیں۔اُنہوں نے کا ہچرائی اَراضی کے بارے میں چیئرمین کو بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ میں 66,410 کنال اور18 مرلہ کاہچرائی اراضی ہے جس میں سے 20,887کنال اور7مرلے تجاوزات کے تحت اور 14,485کنال اور19 مرلے کو آج تک تجاوزات سے خالی کیا گیا ہے۔ڈاکٹر اویس احمد نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ میں کُل 1,53,271 کنال اور7 مرلہ ریاستی اراضی اور 20,925 کنال 13.5 مرلہ تجاوزات کے تحت ہیں جن میں سے 10,897 کنال اور 17مرلے کو آج تک بے دخل کیا گیا ہے۔زمین کے اِستعمال میں تبدیلی کے حوالے سے چیئر کو بتایا گیا کہ ضلع بانڈی پورہ میں 23درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 17منظور ، 3مسترد اور 3 پر کارروائی جاری ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیئر کو جانکاری دی کہ ضلع بانڈی پورہ نے کھسروں کی ڈیجیٹائزیشن میں 62.35 فیصد ، کھاتوں کی ڈیجیٹائزیشن میں 58.01فیصد اور کھیتوں کی ڈیجیٹلائزیشن میں 61.10 فیصد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ بیشتر دیہاتوں کی ڈیجیٹائزیشن تکمیل کے قریب ہے اور 13 دیہاتوں کی ڈیجیٹائزیشن دو دن میں مکمل کی جائے گی۔ایس وِی اے ایم آئی ٹی وِی اے ( دیہاتوں کی آبادی کا سروے اور گائوں کے علاقو ں میں بہتر ٹیکنالوجی سے نقشہ سازی) کی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا کہ ضلع بانڈی پورہ میں جے کے اینڈ ایل جی ڈی سی سروے آف اِنڈیا سے سی او آر ایس سٹیشن قائم کیا گیا ہے اور آپ کی زمین آپ کی نگرانی اور ایس وِی اے ایم آئی ٹی وِی اے کے حوالے سے آئی اِی سی مہم ہے ۔ اِس پر عمل در آمد کیا جارہا ہے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری وِجے کمار بدھوری نے ریونیو اَفسران کی ڈیجیٹلائزیشن اور دیگر ریونیو سے متعلقہ معاملات میں ان کی انتھک کوششوں کی سراہا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ اگر کوئی گمشدہ ریکارڈ ہے تو مستند ذرائع اور فیلڈ سروے کا اِستعمال کرتے ہوئے اسے دوبارہ بنانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیں۔اُنہوں ریو نیو اَفسران اور ملازمین کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ ریکارڈ کی صداقت اور اَپ ڈیٹ کو برقرار رکھنے کے لئے ڈیجیٹائزیشن ریکارڈ میں نئے تغیرات شامل کریں۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ زمینی پاس بکس جاری کرنا ایک سنگ میل کا فیصلہ تھا جس سے عوام کے ریونیو سے متعلق معاملات میں آسانی ہوئی۔انہوں نے’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی ‘کے حوالے سے مزیدبیداری پیدا کرنے پر زور دیا اور متعلقہ افراد کو تمام خدمات آن لائن فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر وِجے کمار بدھوری نے ضلع میں اِنسداد تجاوزات مہم میں سرعت لانے پر بھی زور دیا۔بعدمیں وِجے کمار بدھوری نے زمینداروں میں زمین کی پاس بکس اور بانڈی پورہ کے نیٹ کوالیفائر میںاَسناد تقسیم کئے ۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے بانڈی پورہ ضلع کے آر ین ڈی ڈی سی حلقہ میں اِستعمال کے لئے 5لاکھ روپے کے زرعی آلات اور کھیل سامان ڈی ڈیسی آرین کے حوالے کیا۔










