کمشنر سیکرٹری جنگلات نے پی آر آئیز اور لوگوں کی فعال شرکت سے جنگلات کے مؤثر اِنتظام پر زور دیا

کے ایف ٹی ایس بانڈی پورہ میں فارسٹ گارڈز کے تربیتی کورس کے 69 اور 70ویں بیچ کی سالانہ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت

بانڈی پورہ//کشمیر فارسٹ ٹریننگ سکول ( کے ایف ٹی ایس ) چتر نار بانڈی پورہ میں فارسٹ گارڈز کے 69 اور 70 ویں بیچ کی سالانہ پاسنگ آئوٹ پریڈ کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیوورما مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ ڈاکٹر موہت گیرا ، ایڈیشنل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ ٹی ربی کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد ، کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر نارتھ سرکل سوپور عرفان رسول وانی اور محکمہ جنگلات ، سول اِنتظامیہ اور پولیس کے سینئر اَفسران موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے ساتھ ہوا جس کے بعد 69اور 70 ویں فارسٹ گارڈ ٹریننگ کورس کے ٹرینیز ، فارسٹ پروٹیکشن فورس کے دستے ، آرمی گڈوِل سکول بانڈی پورہ ، این سی سی اور جموںوکشمیر پولیس کے پولیس بینڈ نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کی۔ کنزرویٹر آف فارسٹ ورکنگ پلان سرکل توحید احمد دیوا نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا جبکہ پرنسپل کشمیر فارسٹ ٹریننگ سکول چتر نار بانڈی پورہ رِیاض ملک نے کورس رِپورٹ پیش کی۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے 69اور 70 ویں فارسٹ گارڈ ٹریننگ کورس کے تربیت یافتہ اَفراد کو چھ ماہ کی کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔اُنہوں نے محکمہ جنگلات کے فرنٹ لائن عملے کی فیلڈ میں موجودگی کی سراہنا کی جو جنگلات کے خلاف ورزی کرنے والوں میں رُکاوٹ پیدا کرتا ہے ۔ اُنہوں نے جنگلاتی وسائل کو ماحولیاتی تحفظ فراہم کرنے میں فارسٹ گارڈز کے کردار کو سراہا۔کمشنرسیکرٹری موصوف نے پی آر آئیز او رلوگوں کی فعال شرکت سے فارسٹ مینجمنٹ پر زور دیا۔اُنہوں نے پاس آئوٹ تربیت یافتہ اَفراد سے کہا کہ وہ جنگلات میں آتشزدگی ، تجاوزات جیسے خطرات سے جنگلاتی تحفظ کے لئے کمربستہ ہوجائیں تاکہ جنگلات کی دولت کو مؤثر طریقے سے محفوظ کیا جاسکے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ آنے والے مہینوں میں محکمہ جنگلات کے کیڈر سے متعلقہ تمام مسائل کو حال کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر موہت گیرا نے 69اور 70ویں فارسٹ گارڈز ٹریننگ کورس کے ٹرینیز کو کامیابی سے اَپنا چھ ماہ کا تربیتی کورس مکمل کرنے پر مبارک باد دی او رتربیتی کورس کو کامیابی سے مکمل کرنے پر پرنسپل ، فیکلٹی اور معاون عملہ کی تعریف کی۔ڈاکٹر موہت گیرا نے کہا کہ جنگلات کے فرنٹ لائن عملہ جنگلات کے تحفظ اور ان کے دیرپا اِنتظام میں جموںوکشمیر کے محکمہ جنگلات کے مقاصد کو پورا کرنے میں اہم کردار اَدا کرتا ہے۔اُنہوں نے جنگلات کے تحفظ اور محکمہ کی جانب سے مختلف سکیموں میں شروع کئے جانے والے شجرکاری میں ایف ایل ایس کے مخصوص کردار پر بھی بات کی۔اُنہوں نے روزروٹی پیدا کرنے ، ماحولیاتی سیاحت ،سوئیل اینڈ واٹر کنزرویشن سے متعلق محکمہ دیگر اَقدامات پر روشنی ڈالی اور پاس آئوٹ ہونے والے اَفسران کو فیلڈ میں تن دہی اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔ڈاکٹر موہت گیرا نے کشمیر فارسٹ ٹریننگ سکول کو یوٹی لیول فارسٹ اکیڈیمی میں اَپ گریڈ کرنے اور جے آئی سی اے کے دوسرے مرحلے کے تحت اِس کے لئے فنڈ مختص کرنے سے متعلق تجاویز کے بارے میں بات کی۔معززین نے 69اور 70 ویں فارسٹ گارڈز ٹریننگ کورس کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینیز کو ایوارڈ سے بھی نواز ا۔