کلچرل اکیڈیمی کے اہتمام سے مادری زبان کے عالمی دن پر ادبی تقریب

تقریب پر کشمیری، پہاڑی، اردو اور گوجری زبانوں میں مشاعرہ منعقد

جمیل انصاری//جموں اینڈکشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے آج مادی زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے ٹیگور ہال کے کانفرنس روم میں ایک پُروقار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ممتاز شاعر محمد عظیم خان نے کی۔اس موقعے پر فیاض تلگامی مہمان خصوصی جبکہ محمد منشا خاکی مہمان ذی وقار کی حیثیت سے ایوان صدارت میں تشریف فرما تھے۔ انچارج آفیسر ڈویڑنل آفس کشمیر کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر فاروق انور مرزا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیااور مادری زبان کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب پر معروف مصنف اور کشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر اعجاز محمد شیخ نے مادی زبان کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے ایک تحقیقی مقالہ پیش کیا، جس پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ تقریب کے دوران ایک کثیر لسانی مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کشمیری، اردو، پہاڑی اور گوجری زبان کے 20 شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ جن کشمیری شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں فیاض تلگامی، شوکت انصاری، عبدالرحمن فدا، ایوب صابر اور عبدالعزیز بیتاب شامل ہیں۔ غضنفر علی شہباز، ساغر سرفراز، راشف اعظمی، مبارک لون اور زاہد جمال بانڈے نے اردو میں اپنی شعری تخلیقات پیش کیں۔تقریب میں محمد عظیم خان، پرویز مانوس، وقار دانش، افتخار قریشی اور عقیل عباسی نے پہاڑی زبان میں اپنا کلام پیش کیا۔ محمد منشا خاکی، تاج الدین تاج، عبدالمجید حسرت اور محمد شریف قمر نے گوجری زبان میں اپنی شعری تخلیقات پیش کیں۔تقریب میں دیگر شخصیات کے علاوہمحمد یوسف شاہین، شکیل الرحمان ، ڈاکٹر عابد احمد، ڈاکٹر گلزار احمد، محمد ایوب نعیم، سلیم ساگر، مقبول ساجد، عبدالسلام کوثری، جمیل انصاری، رفیق کھاری، امتیاز احمد خان، فاروق احمد صفاپوری ، ریاض احمد، عبدالرشید اور محمد امین بھی موجود تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض سلیم سالک انچارج ایڈیٹر اردو نے انجام دئے جبکہ ایڈیٹر کشمیری جاوید اقبال نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔