کلچرل اکیڈیمی کا بھرت سنگھ منہاس کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت

کلچرل اکیڈیمی کا بھرت سنگھ منہاس کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت

سری نگر//جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجزنے آج اپنے ہیڈ کوارٹر لال منڈی سری نگر میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی جس میں سیکرٹری جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لنگویجز بھرت سنگھ منہاس کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن کا یہاں کل شام مختصر علالت کے بعد اِنتقال ہو گیا۔پرنسپل سیکرٹری محکمہ ثقافت سریش کمار گپتا اور دیگر افسروں اور ملازمین نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعاکی۔سال 2001بیچ کے جے کے اے ایس آفیسر بھرت سنگھ منہاس مئی 2022 ء میں کلچرل اکیڈیمی میں سیکرٹری کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ اُنہوں نے اپنے دو سالہ دور میں ثقافتی شعبے کو نمایاں اور متحرک بنایا۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا ،’’ بھرت سنگھ منہاس کے اِنتقال سے اِنتظامی نظام میں ایک خلأ پیدا ہو گیا ہے اور اُن کی غیر موجودگی کو بہت زیادہ محسوس کیا جائے گا۔‘‘چیئرمین جموں و کشمیر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلزار احمد بٹ نے بھی بھرت سنگھ منہاس کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔متعدد ادبی اور فنی تنظیموں نے مرحوم بھرت سنگھ منہاس کے انتقال پر اِظہار تعزیت کیا ہے ۔تعزیتی میٹنگ میں ڈپٹی سیکرٹری سیّد شکیل الرحمان، آفیسر اِنچارج کشمیرڈویژن فاروق اَنور مرزا، آفیسر اِنچارج ٹی آر سی مفتی شفیق الرحمان،صدر اَدبی مرکز کمراز محمد امین بٹ، این ایس ڈی کے کوآرڈی نیٹر گلزار احمد گنائی اور معروف آرٹسٹ مشتاق علی احمد خان نے شرکت کی۔