train without driver

کشمیر کو ریل سروس کے ذریعے کینا کماری سے جوڑنے کیلئے کوششیں جاری

ریل گاڑی 29000میٹرک ٹن اسٹیل کے استعمال سے بنے دنیا کے سب سے اونچے پل پر چلے گی / محکمہ ریلوئے

سرینگر // کشمیر کو ریل رابطے کے ذریعے کینا کماری سے جوڑنے کی کوششوں کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں کٹرا سے کشمیر کیلئے انتہائی منتظر پہلی ’’ وندے بھارت ایکسپرس ‘‘ ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر افتتاح کریں گے۔سی این آئی کے مطابق کشمیر سے کٹرا کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپر س ریل افتتاح کیلئے تیار ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں اس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے ۔ ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر دلیپ کمار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپریل مہینے کے تیسرے ہفتے کے آخر میں ادھم پور سرینگربارہمولہ ریل لائن پر کشمیر تک پہلی ’’وندے بھارت ‘‘ٹرین کا افتتاح کریں گے۔یہ ٹرین بھارت کے پہلے 473 میٹر لمبے انجی کھڈ پل، 96 کیبلز اور دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل پر چلے گی۔سب سے اونچا 467 میٹر چناب پل ایفل ٹاور سے 35 میٹر اونچا ہے اور اسے 29000میٹرک ٹن اسٹیل کا استعمال کرکے بنایا گیا تھا۔شمالی ریلوے کے افسران نے بتایا کہ کٹرہ سرینگر ریل لائن پر بڑی تعداد میں سرنگیں اور پل بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 272 کلومیٹر کے یو ایس بی آر ایل منصوبے پر راستے میں 38 سرنگیں جن میں 119 کلومیٹر کی مشترکہ لمبائی ہے جس میں سب سے لمبی 12.75 کلومیٹر سرنگ T-49، اور 13 کلومیٹر مشترکہ لمبائی کے 927 پل شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر تک ریل سروس سے سیاحت، تجارت اور صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا۔ذرائع نے بتایا کہ کٹرا ریاسی تا بانہال سیکشن پر تمام کام پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹرابانہال اور کشمیر کے راستے میں تمام نئے اسٹیشنوں پر عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کی تکمیل اور اس کے آپریشنل وادی کشمیر کو ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے ملک کے باقی حصوں سے جوڑ دیا جائے گا۔