Div Com Kashmir

کشمیر میں پیٹرول اور دیگر ضروری اشیاء کی کوئی کمی نہیں

قومی شاہراہ بدھ کو کھل جائے گی، گھبرانے کی ضرورت نہیں:صوبائی کمشنر

سری نگر//صوبائی انتظامیہ کشمیر نے منگل کو کہا کہ وادی میں پٹرول وڈیزل سمیت دیگر ضروری اشیاء کی کوئی کمی نہیں ہے۔جے کے این ایس کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری نے یہاں نامہ نگاروںکو بتایاکہ کشمیر میں اشیائے ضروریہ وافرمقدارمیں موجود اوردستیاب ہے ۔انہوںنے کہاکہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، ہمارے یہاں ضروری اشیاء کی مناسب فراہمی ہے۔ڈویژنل کمشنرموصوف نے بدھ کو سری نگرجموں قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہونے کی اُمید ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ جب سری نگر جموں شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ کھل جائے گی تو کل مناسب سپلائی مل جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ کل یعنی بدھ کے روز گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے دوبارہ کھل جائے گی اور ضروری اشیاء کی مناسب سپلائی ترجیحی بنیادوں پر یہاں پہنچے گی۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ بھاری بارشوں کے نتیجے میں رام بن ضلع کی حدودمیں پنتھیال اوردیگر مقامات پر نزدیکی پہاڑ سے مٹی کے تودے اور پتھر گرآنے نیز سڑک کاایک بڑا حصہ ڈھہ جانے کے نتیجے میں سری نگرجموں قومی شاہراہ کو بندکردیاگیاتھا،اور مسلسل تیسرے رو زبھی شاہرا ہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی ۔قومی شاہراہ بند ہونے کے پیش نظر ممکنہ قلت یاعدم دستیابی سے بچنے کیلئے کشمیر کے کئی حصوں میں فیول اسٹیشنوں پر زبردست رش دیکھنے میں آیا ہے جہاں لوگ پیٹرول خریدتے ہوئے دیکھے گئے۔