سری نگر: وادی کشمیرمیں رواں سال کے تین ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 41 ملی ٹنٹ مارے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی سرگرم ملی ٹینٹوں اوران کے مدد گاروں کے خلاف آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سال 2022 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران وادی کشمیر میں 41 ملی ٹنٹوں کو مار گرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کے مہینے میں وادی کشمیر میں 8 تصادم ہوئے جس دوران 13 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا جو لشکر طیبہ /ٹی آر ایف اور جیش سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری مہینے میں 21، فروری میں سات اور مارچ میں 13 ملی ٹینٹ تصادم آرائیوں کے دوران از جان ہوئے۔
اعدادو شمار کے مطابق 10 مارچ کو نائنہ بٹہ پورہ پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت شاہد احمد خان ولد محی الدین خان ساکن بٹہ پورہ پلوامہ اور فیاض شیخ ولد غلام رسول شیخ ساکن شاہ پورہ گاندربل کے بطور ہوئی۔ اسی روز یعنی 10 مارچ کو ہی سری نگر کے حضرت بل علاقے میں ایک مختصر شوٹ آوٹ میں غیر ملکی ملی ٹنٹ منظور عرف حیدر عرف حمزہ مارا گیا۔اُن کے مطابق 12 مارچ کے دن سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد چیوا کلان پلوامہ گاوں کو محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ جونہی حفاظتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے قریب پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جوابی کارروائی میں جیش سے وابستہ دو ملی ٹنٹ کمال بھائی عرف جاٹ اور عاقب مشتاق عرف عثمان حیدر ولد مشتاق احمد بٹ ساکن کریم آبا پلوامہ ہلاک ہوئے۔دفاعی ذرائع کے مطابق اسی روز نچہامہ راجور کپواڑہ میں مختصر تصادم میں لشکر ملی ٹنٹ سہیل احمد گنائی ولد گلزار احمد ساکن تاری گام کولگام مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 12 مارچ کے دن ہی گاندربل کے نونر علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ انکاونٹر میں لشکر کمانڈر عادل احمد خان ولد عبدل احد خان ساکن بدرا گنڈ گاندربل ہلاک ہوا۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 15 مارچ کو چرسو اونتی پورہ پلوامہ میں لشکر ملی ٹنٹ اویس راجا ولد محمد رمضان ڈار ساکن سبحان پورہ بجبہاڑہ مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 16 مارچ کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں لشکر طیبہ کے تین ملی ٹنٹ عادل نبی تیلی ساکن چند ہارا پانپور، شاکر احمد تانترے ساکن رانی پورہ شوپیاں اور یاسر احمد وگے ساکن کوجر فرسل کولگام مارے گئے۔اُنہوں نے بتایا کہ 30 مارچ کو پائین شہر کے رعناواری علاقے میں شبانہ تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے دو ملی ٹنٹ رائیس احمد بٹ اور ہلال احمد راہ ساکنان بجبہاڑہ ہلاک ہوئے۔ بتادیں کہ فروری ماہ میں وادی کشمیر میں پانچ انکاؤنٹروں کے دوران سات ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ جنوری میں 12 تصادم آرائیوں میں 21 ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔ دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی وادی کشمیر میں سرگرم ملی ٹنٹوں اوران کے معاونین کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔










