ہائی وے کی بندش کے دوران اِضافی سلنڈر ذخیرۂ کرنے کی اِجازت طلب کی
سری نگر / /وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے کشمیر ایل پی جی ڈِسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت جگ موہن سنگھ رینہ کر رہے تھے۔وفد نے گیس کی بار بار قلت کی وجہ سے ڈِسٹری بیوٹروں اور صارفین کو درپیش مشکلات کو اُجاگر کیا۔وفد نے ایل پی جی کی سپلائی میں بار بار رُکاوٹوں کا معاملہ اُٹھایا اور اس کی وجہ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ کی بار بار بندش اور جاری مرمتی کاموں کو قرار دیا جو وادیٔ کشمیر اور دُور دراز علاقوں میں گیس سلنڈروں کی بروقت ٹرانسپورٹیشن میں رُکاوٹ بن رہے ہیں۔وفد نے وزیرموصوف سے اپیل کی کہ ایل پی جی ڈِسٹری بیوٹروں کو موجودہ مقررہ حد سے زیادہ گیس سلنڈروں ذخیرہ کرنے کی خصوصی اِجازت دی جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ایسی اجازت سڑک بند ہونے یا خراب موسم کے دوران قلت کو روکنے کے لئے بالخصوص پہاڑی اور اونچائی والے علاقوں میں مددگار ثابت ہو گی۔ستیش شرما نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل کو جائز قرار دیا اور یقین دِلایا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام بشمول آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت ہر گھر تک ضروری اشیأبالخصوص رسوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ ہم مناسب حفاظتی اصولوں کے تحت ذخیرہ کرنے کی حد میں عارضی نرمی سمیت تمام ممکنہ حل تلاش کریں گے۔‘‘
وزیر موصوف نے مزید ہدایت دی کہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین محکمہ ضلعی اِنتظامیہ اور آئیل کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ جائزہ لیںتاکہ مختلف علاقوں میں سپلائی میں ممکنہ رُکاوٹوں کا جائزہ لیاجا سکے اور مناسب ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار کو اپنایا جا سکے۔اُنہوںنے اس بات پر زور دیا کہ تمام حساس اضلاع میں موسم سرما سے پہلے پیشگی منصوبوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور شہری اِنتظامیہ، ٹرانسپورٹروں اور آئیل کمپنیوں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سپلائی چین کو برقرار رکھا جا سکے۔










