کشمیرمیں منشیات کی بڑھتی لعنت ،سماجی کارکنوں نے کی آوازبلند

سری نگر//مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے اس عزم کہ ملک کو2047تک منشیات کی لعنت سے پاک کیا جائے گا،جمعرات کو پریس کالونی سری نگر ،اننت ناگ اور پلوامہ میں نوجوان سماجی کارکنوںنے منشیات مخالف مہم کے تحت ہاتھوںمیں پلے کارڈس اُٹھاکر آوازبلندکی ۔جے کے این ایس کے مطابق جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ سے وابستہ سماجی کارکنوںنے پریس کالونی سری نگرمیں عابدفاروق بیگ کی قیادت میں منشیات فروشی کیخلاف ایک پُرامن احتجاجی دھرنادیا۔انہوںنے ہاتھوںمیں پلے کارڈس اُٹھارکھے تھے ،جن پر منشیات کی وباء کے خطرناک اثرات اور معاشرے میں اس وجہ سے بڑھتے جرائم کے بارے میں خبردار کیاگیا۔اس دوران جی آربیگ میموریل ٹرسٹ سے وابستہ طاہر ریشی ضلع صدر پلوامہ اور سیار احمدلون کی قیادت میں اننت ناگ میں بھی اسی نوعیت کادھرنا دیاگیا۔دونوںمقامات پر جمع سماجی کارکنوںنے بھی منشیات کے منفی اثرات اور معاشرے کیلئے اس لعنت کے بڑے خطرات کے حوالے سے پلے کارڈس اُٹھا رکھے تھے ،سماجی کارکنوںنے اس عزم کااظہارکیاکہ وہ منشیات مخالف مہم کاپیغام گھرگھر پہنچاتے رہیں گے ۔