کشمیرمیں محض 8دنوں میں دوسری مرتبہ جمعتہ الوداع کے رُوح پروراورعظیم الشان اجتماعات کاانعقاد

درگاہ حضرت بل اورمرکزی جامع مسجد میں لاکھوںنمازیوں کی حاضری

سری نگر//موسم خراب رہنے کے باوجود پوری کشمیروادی میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات منعقد ہوئے ،جن میں لاکھوں فرزندان توحید اورمسلم خواتین نے عقیدت واحترام اورتزک واحتشام کیساتھ شرکت کی ،درگاہ حضرت بل اور مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں جمعتہ الوداع کے سب سے بڑے اوررُوح پروراجتماعات منعقد ہوئے ،جہاں بے شمار لوگوںنے نماز جمعتہ الوداع باجماعت اداکی ۔اس دوران سری نگر کی تمام جامع مساجد ،خانقاہوں،درگاہوں اورامام بارگاہوں کیساتھ ساتھ وادی کے دوسرے سبھی اضلاع کے ضلعی ،تحاصیل اوربلاک صدرمقامات پرواقع مساجد اوردوسری مسلم عبادت گاہوں میں بھی جمعتہ الوداع کے بڑے اجتماعات کاانعقاد ہوا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعہ کو اس امکان کیساتھ جمعتہ الوداع منایاگیاتھاکہ عیدالفطر 21اپریل بروزجمعہ کوہی منائی جائیگی ،تاہم جمعرات کی شام ماہ شوال کاچاند نظرنہ آنے کے بعد یہ طے ہواکہ عیدالفطر کی تقریب سعید اب 22اپریل بروزہفتہ کومنائی جائیگی اوراس اعلان کے پیش نظرآج یعنی 21اپریل کوجمعتہ الوداع منایاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق موسمی صورتحال خراب رہنے کے باوجود لاکھوںکی تعدادمیں مقامی اورغیرمقامی مسلمانوںنے درگاہ حضرت بل ،مرکزی جامع مسجد سری نگر اور دیگر جامع مساجد،خانقاہوں ،درگاہوں ،امام بارگاہوں اوردیگر مسلم عبادت گاہوںمیں جمع ہوکر نماز جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں شرکت کی ۔عینی شاہدین نے بتایاکہ شب قدر کی طرح ہی جمعتہ الوداع کے موقعہ پر بھی تاریخی درگاہ حضرتبل میں لوگوںکی ایک کثیرتعداد پہنچی اورانہوںنے جمعتہ الوداع کے اجتماع میں شرکت کاشرف پایا۔نمازجمعتہ الوداع سے قبل یہاں علمائے کرام نے جمعتہ الوداع پرروشنی ڈالی اورکہارسول رحمت ﷺ ،اُن کے چہاریاراور صحابی کرام کتنی عقید ت واحترام اور تزک واحتشام کیساتھ جمعتہ الوداع میں شرکت فرماتے تھے ۔انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے پیش نظردرگاہ حضرتبل میں خاص انتظامات کئے تھے اور ٹریفک کی صورتحال کوقابو میں رکھنے کیلئے گاڑیوںکے یہاں پہنچنے اور پھریہاں سے واپس روانگی کیلئے الگ الگ روٹ مقرر کئے گئے تھے ۔وقف بورڈ کی جانب سے درگاہ حضرت بل کی حدودمیں متعددخیمے اورسائباں نصب کروائے گئے تھے تاکہ بارش ہونے کی صورت میں لوگوںکونماز جمعتہ الوداع اداکرنے میںکسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔اس دوران شہرخاص کے نوہٹہ علاقے میں واقع مرکزی جامع مسجد میں بھی جمعتہ الوداع کے موقعہ پرایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا ،جس میں لوگوںکی ایک کثیرتعدادنے شرکت کی ،جامع مسجد کی حدودمیں سڑکوں پر بھی ہزاروںلوگوںنے صفیں باندھ کر نماز باجماعت اداکی ۔درگاہ حضرت بل کی طرح ہی مرکزی جامع مسجد کی گردونواح میں بھی انتظامیہ کی جانب سے خاص انتظامات کئے گئے تھے جبکہ دونوں مقدس مقامات کی حدود اورگردونواح میں پولیس کے اضافی دستے بھی تعینات کئے گئے تھے ۔ادھر کشمیرکے باقی سبھی نواضلاع بشمول بڈگام،گاندربل،بارہمولہ ،بانڈی پورہ ،کپوارہ ،پلوامہ ،اننت ناگ ،کولگام اورشوپیان کے ضلعی ،تحاصیل اوربلاک صدر مقامات کیساتھ ساتھ دیہی اوردوردرازکے علاقوںمیں بھی جمعتہ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات منعقد کئے گئے اورسبھی مقامات پر لاکھوں مسلمانوں نے نماز جمعتہ الوداع باجماعت اداکی جبکہ نماز سے قبل علمائے کرام اوردیگرمقررین نے جمعتہ الوداع کے فلسفے پرروشنی ڈالی ۔سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں منعقدہ جمعتہ الوداع کے اجتماعات کے موقعہ پر علمائے دین نے لوگوں سے عیدالفطر روایتی مذہبی طور طریقے سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے خرافات اور فضول خرچیوں سے اجتناب کرنے کوکہا جبکہ انہوںنے لوگوں سے صدقہ فطر اوردیگرصدقات وعطیات جلدسے جلد اداکرنے کی اپیل کی تاکہ ضرورت مند ان عطیات وصدقات سے مستفید ہوسکیں۔