کشمیرمیں جمعرات کی شام سے جمعتہ المبارک کی دوپہرتک موسم مجموعی طورپرخشک

کشمیرمیں جمعرات کی شام سے جمعتہ المبارک کی دوپہرتک موسم مجموعی طورپرخشک

سری نگر//جمعرات کی شام سے جمعتہ المبارک کی دوپہرتک موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کے بعددوپہر کشمیروادی میں موسم کامزاج پھربدل گیا،اوروادی کے اطراف واکناف میں ہلکی سے تیز بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیاجبکہ اس دوران بارہمولہ سمیت شمالی کشمیرکے کئی علاقوںمیں تیز ہوائیں بھی چلیں جبکہ بارشوں کاسلسلہ اچانک شروع ہونے سے بازاروںمیں عید کی خریداری میں مصروف مردوزن اوربچوں کوسخت پریشانیوںکاسامنا کرناپڑا،اورلوگ بارشوں سے بچنے کیلئے دکانات کے باہر اورچھت والے مقامات پر پناہ لینے پرمجبور ہوگئے۔اس دوران محکمہ موسمیات اورمحکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول نے کہاکہ موسم بہترہونے کے بعد دریائے جہلم اورندی نالوںمیں پانی کی سطح میں کافی کمی آئی ،اورفی الوقت کشمیرمیں سیلاب کاکوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے 21اور22اپریل کودوپہرتک موسم بنیادی طورپرخشک رہنے کی پیش گوئی کی تھی ،اوراس پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ کودوپہرتک موسم خشک رہالیکن بعددوپہر آسمان پربادل منڈلانے کے دوران اچانک موسم کامزاج بدل گیا،اور کشمیروادی کے اطراف واکناف بشمول سری نگر ،وسطی کشمیر کے دوسرے علاقوں اورشمالی وجنوبی کشمیرمیں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا،بارشوں کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنا شروع ہوئیں ۔کہیں ہلکی ،کہیں درمیانی اورکہیں موسلادار بارشیں ہونے سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی اور سردی کی لہر سے بچنے کیلئے لوگوںنے پھرگرم کپڑے بشمول بنیان اور جیکٹ پہن لئے ۔گھروںمیں روم ہیٹرچالو کئے گئے اوردیہی علاقوںمیں لوگوںنے کانگڑیاں تیار کرکے سردی کامقابلہ کیا،کشمیر میں بارشوںکا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا ،جسکے نتیجے میں عید خریداری بھی اثرانداز ہوئی،کیونکہ جولوگ بازاروںمیں خریداری کررہے تھے ،وہ آدھی خریداری کرکے ہی گھروںکولوٹ گئے جبکہ گھروں میں موجود لوگ بارشوںکی وجہ سے بازاروں کارُخ نہیں کرسکے ۔تاجروںکواُمیدتھی کہ عیدالفطر کی تقریب سعید اب ہفتہ کومنائے جانے کے پیش نظر جمعہ کوکاروبار ی سرگرمیاں اچھی رہیں گی ،لیکن بعددوپہرموسم خرب ہونے سے تاجروں اوردکانداروں کومایوسی کاسامنا کرناپڑا۔اس دوران محکمہ موسمیات اورمحکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول نے کہاکہ موسم بہترہونے کے بعد دریائے جہلم اورندی نالوںمیں پانی کی سطح میں کافی کمی آئی ،اورفی الوقت کشمیرمیں سیلاب کاکوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگلے72گھنٹوں کے دوران موسم بنیادی طور پر خشک رہے گاجبکہ اس دوران مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کاامکان ہے ،اور کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ،تاہم بقول محکمہ موسمیات نے اگلے72گھنٹوںکے دوران جموں وکشمیرمیں کہیں بھی بھاری اور موسلادار بارشوںکاکوئی امکان نہیں ہے۔